پی ٹی آئی ڈی چوک احتجاج : سرکاری وسائل کے استعمال پر وزارت داخلہ نے کمیٹی تشکیل دے دی

پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے احتجاج میں خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کا استعمال کرنے پر وزات داخلہ نے کمیٹی تشکیل دے دی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج میں خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کے استعمال پر وفاق نے ایکشن لیتےہوئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار، ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل (ایف آئی اے) منیر مسعود مارتھ کمیٹی میں شامل ہیں جب کہ انٹیلی جنس بیورو کے 20 گریڈ سے اوپر کے افسران بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
نوٹی فکیشن کےمطابق کمیٹی پی ٹی آئی کے مارچ میں سرکاری گاڑیوں کےاستعمال اور دھرنے میں شامل ہونے والے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کی انکوائری کرے گی۔
وزارت داخلہ کی طرف سےقائم کی گئی کمیٹی کو احتجاج میں شامل ملازمین کی شناخت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انکوائری کمیٹی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری میں ملوث سرکاری ملازمین کاتعین کرکے 7 دنوں میں رپورٹ پیش کرےگی۔
