پی ٹی آئی کایوسف رضا گیلانی کی نااہلی کا ریفرنس مسترد

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تحریک انصاف کی جانب سے دائر کیا گیا پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی کےسینیٹر اعظم سواتی نے رواں ماہ کے شروع میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف بطور وزیراعظم توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں 2 اہم شخصیات کو دینے پر نااہلی کا ریفرنس فائل کیاتھا۔

دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی بطور وزیر اعظم 2008 میں توشہ خانہ سے 4 گاڑیاں لیں اور 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دیں، یوسف رضا گیلانی نے حلف کی خلاف ورزی کی، وہ آرٹیکل 63 کے تحت رکن سینیٹ نہیں رہ سکتے، چیئرمین سینیٹ ریفرنس کو جلد الیکشن کمیشن بھیجیں۔

آج چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی ریفرنس پر رولنگ دے دی جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر یوسف رضا گیلانی پر الزامات بطور ممبر قومی اسمبلی و وزیراعظم تھے،رولنگ میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے، یوسف رضا گیلانی کے بطور سینیٹر منتخب ہونےکے بعد نااہلی ریفرنس کا جواز نہیں بنتا، یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس پر آرٹیکل 63 (اے) کا اطلاق نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے 2020 میں دائر کردہ ریفرنس کے مطابق یوسف رضا گیلانی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

Back to top button