آئینی ترامیم : پی ٹی آئی وفد کی موجودگی میں بلاول بھٹو بھی مولانا کی رہائش گاہ پہنچ گئے
26 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کےلیے پی ٹی آئی وفد کی موجودگی کے دوران ہی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں پی ٹی آئی، بی این پی، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کےرہنما شریک ہیں۔
الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کے ججوں کی وضاحت
واضح رہےکہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کی حکومت پر تنقید اور ترامیم کے معاملے پر حمایت سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیےجانے کے بعد صورت حال تبدیل ہوگئی اور آج بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد اب سینیٹ اور خصوصی کمیٹی کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آج سینیٹ کا اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کیاگیا تھا لیکن گزشتہ رات مولانا فضل الرحمٰن کی میڈیا سےگفتگو میں حکومت پر تنقید کےبعد اب قومی اسمبلی کے اجلاس کی طرح سینیٹ کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کردیاگیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق ایوان بالا کا اجلاس آج شام چھ بجے ہوگا جس کا سینیٹ سیکریٹریٹ نےسات نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا ہے۔
ایجنڈے میں 26 ویں آئینی ترمیم کا بل شامل نہیں کیاگیا اور ایجنڈے میں یکساں اسکیل اور الاؤنسز بل 2024 پر کمیٹی رپورٹ شامل ہے،اس کےعلاوہ بینکنگ کمپنیز ترمیمی بل 2024 پر کمیٹی رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
دوسری جانب 11 بجے طلب کیےجانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کردیاگیا ہے اور اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت اجلاس آج دن گیارہ بجے کےبجائے شام چھ بجے ہوگا۔
واضح رہےکہ مسلم لیگ ن کی حکومت گزشتہ ماہ سے ایک اہم آئینی ترمیم کی منظوری کو یقینی بنانے کےلیے کوششیں کررہی ہے۔