PTI سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ حکومتی ڈیجیٹل ونگ کے جنرل منیجر مقرر

ڈیجیٹل میڈیا ونگ کےلیے موصول ہونے والی 500 درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے سابق سربراہ عمران غزالی کو وزارت اطلاعات میں نو تشکیل شدہ شعبے کی سربراہی کےلیے تعینات کردیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 3 اگست کو جارہ کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق عمران غزالی کو مینیجمنٹ پے 2 (ایم پی 2) کی تنخواہ پر جنرل منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت نے ڈیجیٹل کمیونی کیشن آفیسرز کےلیے 5 مزید تعیناتیاں کی ہیں جس میں شہباز خان، عثمان بن ظہیر، نعیم احمد یسین اور سیدہ دھنک ہاشمی کو ایم پی 3 کے پے اسکیل پر تعینات کیا گیا، محمد مزمل کو ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ کے طور پر ایم پی 3 اسکیل پر نوکری دی گئی۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا ونگ (ڈی ایم ڈبلیو) وزارت میں قائم کردہ نیا ونگ ہے جسے کابینہ نے گزشتہ برس منظور کیا تھا۔ کابینہ نے اس ونگ کی تشکیل کےلیے گزشتہ مالی سال میں 4 کروڑ 27 لاکھ 91 ہزار روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کی تھی۔ تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق ان تمام افراد کو ایم پی اسکیل پر تنخواہ دی جائے گی اور سب سے اعلیٰ عہدے (ایم پی 2) کی بنیادی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ سے 3 لاکھ ہونے کی توقع ہے دیگر کو 75 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا ونگ حکومت کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کےلیے ڈیجیٹل مواد تیار کرے گا اور وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی بھی تصدیق اور انہیں منظم کرے گا۔ 23 مارچ کو اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہار کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں ایک جنرل منیجر، ایک ڈیجیٹل کنسلٹنٹ اور 5 ڈیجیٹل کمیونکیشن آفیسرز، 3 ویڈیو ایڈیٹرز، 2 ویڈیو گرافرز، ایک فوٹوگرافر، 4 گرافک ڈیزائنرز، 5 کانٹینٹ رائٹرز اور ڈیجیٹل فیڈ منیجر شامل ہوگا۔
وزارت کے مطابق دیگر امیدواروں کو بھی شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں بھرتیاں خصوصی سلیکشن بورڈ نے انٹرویوز کے بعد کیں اور منتخب افراد کی سمری 20 جولائی کو وزیراعظم نے منظور کی۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی کہ تمام 6 افراد پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ونگ کے سابق اراکین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’صرف عمران غزالی نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کےلیے 2016 تک کام کیا ان کے علاوہ کسی کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں‘۔ ڈیجیٹل میڈیا ونگ اراکین کے پروفائلز کے مطابق اس کے سربراہ عمران غزالی کو ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کا 14 سالہ تجربہ ہے اور انہوں نے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم چلانے کے علاوہ الف اعلان اور ورلڈ بینک کے ساتھ بھی کام کیا۔ مزمل حسن جنہیں ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ کے طور پر منتخب کیا گیا وہ یوٹیوب پر ایک چینل لولز اسٹوڈیو کے بانی ہیں۔ اسی لولز اسٹوڈیو کے سی او او شہباز خان کو ڈیجیٹل کمیونکیشن افسر کا عہدہ دیا تھا، شہباز گزشتہ ایک دہائی سے سوشل میڈیا کانٹینٹ اسپیشلسٹ ہیں۔
دیگر افسران میں کانٹینٹ پروڈیوسر ثمان بن ظہیر شامل ہیں جو 2011 سے 2018 تک جیو انٹرٹینمنٹ کےلیے کام کرچکے ہیں۔ ان کے علاوہ ایک اور ڈیجیٹل کمیونی کیشن افسر نعیم احمد کئی نیوز چینلز کےلیے کام کرچکے ہیں جن میں 24 نیوز، دنیا نیوز، جیو نیوز اور بول نیوز شامل ہے۔ چوتھی کمیونکیشن افسر دھنک ہاشمی سینٹر فار گلوبل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ڈائریکٹر ریسرش اینڈ ڈیولپمنٹ رہ چکی ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ انہیں جنرل منیجر کے عہدے کےلیے 76 درخواستیں موصول ہوئی تھی جب کہ ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ کےلیے 67 درخواستیں آئی اس کے علاوہ ایم پی اسکیل 2 کے عہدے کےلیے 461 لوگوں سے درخواستیں دیں۔
