پی ٹی آئی کی جیت پر فنکار برادری میں خوشی کی لہر


پنجاب کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی پر جہاں پارٹی قیادت خوش ہے وہیں عمران خان کی حمایتی فنکار برادری بھی کافی خوش دکھائی دیتی ہے اور اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا پر کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی کامیابی پر جہاں عام سوشل میڈیا صارفین نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں شوبز، موسیقی اور فیشن کی دنیا سے وابستہ شخصیات نے بھی عمران خان اور قوم کو مبارک باد پیش کی۔

گلوکارہ عینی خالد نے تحریک انصاف کی جیت کے بعد مٹھائی کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر انہوں نے لندن میں اہل خانہ کے ہمراہ جشن منایا، انہوں نے ‘پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی پی ٹی آئی کی کامیابی پر خوشی بھری ٹوئٹس کیں، تاہم اداکارہ نے پارٹی کا نام لیے بغیر تحریک انصاف کی خوشی پر خدا کے شکرانے ادا کیے۔اداکار شان شاہد نے بھی عمران کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے تحریک انصاف کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان اب بھی عمران خان پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کو ان کی ضرورت ہے۔

گلوکار اور اداکار خالد انعم نے بھی عمران خان کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ گلوکار ہارون شاہد نے بھی تحریک انصاف کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ عوام نے ایک بار پھر عمران خان کو منتخب کیا، ادکارہ ایمن خان نے بھی تحریک انصاف کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔اسی طرح اداکار فیصل قریشی نے ٹوئٹر پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے تحریک انصاف کی جیت کو عوام کا فیصلہ قرار دیا اور اس میں پی ٹی آئی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد عمران خان کو روندو کہہ کر مخاطب کرنے والی مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ حنا پرویز بٹ نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جماعت کی ہار کو کھلے دل سے تسلیم کیا، حنا پرویز بٹ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کو جیت پر مبارک باد پیش کرتی ہوں، ہار جیت زندگی کا حصہ ہے، لیگی کارکنوں کو مایوس نہیں ہونا، ان شا اللّہ شیر دوبارہ آئے گا۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ سیاست کو سیاست رہنا چاہئے، دشمنی نہیں بنانا چاہئے، بعض اوقات سیاست میں تلخی بھی آتی ہے مگر آخر میں ہم سب پاکستانی ہیں، احترام قائم رہنا چاہئے، ایک دوسرے کو سننے کی برداشت پیدا کرنی چاہئے، حنا پرویز بٹ نے اس مشکل وقت میں اپنی جماعت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ تم جیتو یا ہارو سنو! ہمیں تم سے پیار ہے، مسلم لیگ (ن)۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی سخت ترین ناقد سینئر اداکارہ و میزبان عفت عمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر پی ٹی آئی کی فتح پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی رائے کی بات ہے اور اگر اکثریت تحریکِ انصاف کے ساتھ ہے تو ہے، اکثریت جیت گئی۔

Back to top button