پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ میں دہشتگردی کا خدشہ

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں دہشتگردی کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے مریم نواز اور رانا ثناءاللہ سمیت دیگر سیاسی قیادت کو ممکنہ حملے کے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے تھریٹ الرٹ میں پی ڈی ایم قیادت کو جلسہ منسوح کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاہم جلسہ منسوخ نہ کرنے پر پولیس نے مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کو سخت حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔ تھریٹ الرٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور سینئر رہنما رانا ثناءاللہ دوران سفر بلٹ پروف گاڑی کا استعمال کریں، گاڑی کے سن روف سے ہرگز باہر نہ نکلا جائے اور نہ ہی کوئی تقریر کی جائے۔ پولیس الرٹ کے مطابق دوران جلسہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے گریز کیا جائے، کورونا وبا کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، سیاسی قائدین سمیت جلسہ گاہ کی سکیورٹی بھی بڑھائی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا، دوسرا جلسہ کراچی، تیسرا کوئٹہ اور چوتھا جلسہ ملتان میں ہوا تھا۔ تاہم اب پی ڈی ایم نے پانچواں جلسہ 13 دسمبر کو لاہو رمیں کرنے کا اعلان رکھا ہے۔ لاہور جلسے کو کامیاب بنانے کےلیے پاکستان مسلم لیگ ن نے سر توڑ کوششیں شروع کر دی ہیں۔ مریم نواز نے شہر بھر میں ریلیاں نکالیں اور عوامی رابطہ مہم تیز کر دی۔ اس کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی کو بھی زیادہ سے زیادہ لوگ جلسہ میں لانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
