چترال میں مسافر کوچ حادثہ، 7 افراد جاں بحق متعدد زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔مسافر کوچ کو حادثہ چترال کے علاقے راغ لشت کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق مسافر کوچ پشاور سے بونی جاری رہی تھی۔ تاہم تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی اور راغ لشت کے قریب دریا میں جا گری۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ شمالی علاقہ جات میں خراب راستوں کے باعث متعدد جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔اس ضمن میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گزشتہ برس ستمبر میں کہا تھا کہ چترال میں آمدورفت کے جو راستے ہیں ان پر تو خچر کا چلنا بھی محال ہے۔سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اکیسویں صدی کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی چترال میں سڑکوں کی حالت قابل رحم ہے۔
رواں برس کے آغاز میں حکومتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثے کا شکار ہوکر ایک شخص یا تو زندگی کی بازی ہار جاتا ہے یا پھر وہ شدید زخمی ہوکر معذور بن جاتا ہے۔جبکہ وزارت مواصلات کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔روڈ سیفٹی پروجیکٹ رپورٹ کے مطابق صرف سال 2016 میں ہی پاکستان بھر میں 6 ہزار 548 افراد روڈ حادثے کے وقت جائے وقوع پر ہی چل بسے، حیران کن بات یہ ہے کہ ان اموات میں سے 6 ہزار 3 اموات صوبائی حکومتوں کے ماتحت روڈز جبکہ 355 نیشنل ہائی ویز اور 190 اموات موٹر ویز پر ہوئیں.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button