چمن:افغان بارڈر فورسزکی فائرنگ،6شہری شہید،17 زخمی

افغان بارڈر فورسز کی جانب سے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ سے بلوچستان کے شہر چمن میں 5 شہری شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق افغان بارڈر فورسز نے شہری آبادی پر توپ خانےاور مارٹر سمیت بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان بارڈر فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ پاکستانی سرحدی دستوں نے جارحیت کا بھرپور جواب دیا لیکن علاقے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان نے صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے کابل میں افغان حکام سے بھی رابطہ کیا ہے اور مستقبل میں اس طرح کے کسی بھی واقعے کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں سرحد پار سے فائرنگ اور راکٹ باری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ اہے کہ افسوسناک واقعے سے متعلق تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

رانا ثنا اللہ کہا کہ شہریوں کے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دکھ اورافسوس ہے، بلوچستان حکومت کو متاثرہ شہریوں کی بھرپور معاونت و مدد کی درخواست کرتا ہوں۔

ادھر سابق صدر آصف علی زرداری نے چمن میں افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

آصف علی زرداری کا  کہنا تھا کہ زخمی پاکستانی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں اور پاک افواج کی خطہ میں امن پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے۔

Back to top button