چمن لیویز لائنز کے قریب بم دھماکہ، 5 افراد زخمی

بلوچستان کے علاقے چمن میں لیویز لائنز کے قریب بم دھماکے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق چمن تاج روڈ میں لیویز لائنز کے قریب زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے اور لیویز کے عہدیدار محفوظ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بم دھماکے کا نشانہ لیویز کے رسالدار تھے تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 17 فروری کو کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ پولیس کے ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ ‘خودکش بمبار نے پولیس ناکے کو توڑتے ہوئے ریلی میں گھسنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر اس نے خود کو اڑا لیا۔
اس سے قبل بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں 9 فروری کو بم دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید اور دیگر 5 زخمی ہوگئے تھے۔
ہرنائی کے ڈپٹی کمشنر عظیم جان دامڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف سی کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی اور خوست کے علاقے میں موجود تھی کہ نصب شدہ بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک جوان شہید اور دیگر 5 زخمی ہوگئے۔
قبل ازیں 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سٹیلائٹ ٹاؤں کی مسجد میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) امان اللہ سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ میں اس سے قبل 7 جنوری کو بھی دھماکے میں جانی نقصان ہوا تھا جہاں میکانگی روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے ایک دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 15 نومبر 2019 کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button