چوتھا ٹی 20، پاکستان کو شکست، انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی

چار ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز0-2 سے اپنے نام کر لی۔جمعرات کو لندن کے دی اوول سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف 15.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے فِل سالٹ نے 45، جوز بٹلر نے 39 جبکہ جونی بیئرسٹو نے 28 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جیت کیلئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کا آغاز کیا گیا۔انگلش اوپنرز جوز بٹلر اور فِل سالٹ نے پاکستانی بولرز کے ساتھ کوئی بھی رعایت نہ کی اور گراؤنڈ کے ہر طرف جارحانہ شاٹس کھیلیں۔
پاکستانی باؤلرز انگلش اوپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور جوز بٹلر اور فل سالٹ کی جارحانہ شراکت نے میچ کو پاورپلے میں ہی انگلینڈ کے حق میں کر دیا۔پاکستان کو پہلی وکٹ 82 رنز پر ملی جب فل سالٹ 45 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کو دوسری وکٹ کپتان جوز بٹلر کی ملی جو 39 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔تیسری وکٹ کے لیے وِل جیکس اور جونی بیئرسٹو سکور میں بڑا اضافہ نہ کر سکے جس کے بعد وِل جیکس 20 رنز بنا کر حارث رؤف کی میچ میں تیسری وکٹ بن گئے۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 157 بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 158 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 38، کپتان بابر اعظم نے 36 اور محمد رضوان نے 23 رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگسٹون، مارک وُڈ اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کے آغاز میں انگلش بولرز کی نپی تلی بولنگ کا سامنا محتاط انداز میں کیا۔فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان بیٹنگ کرنے آئے لیکن اُن کی فارم اس میچ میں بھی بحال نہ ہو سکی اور وہ پہلی گیند ہی عادل رشید کا شکار بن گئے۔انگلینڈ کو پانچویں کامیابی اعظم خان کی وکٹ کی صورت میں ملی جو مارک وُڈ کا تیز باؤنسر کھیلنے کی ناکام کوشش میں وکٹ کیپر جوز بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔
عثمان خان اپنی اننگز میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنانے کے بعد لیام لیونگسٹون کی گیند پر کرس جورڈن کے شاندار کیچ کی بدولت میدان چھوڑ گئے۔لیام لیونگسٹون عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے ایک گیند بعد شاہین آفریدی کو صفر پر بولڈ کر دیا۔انگلینڈ کو آٹھویں وکٹ افتخار احمد کی ملی جو 21 رنز بنا کر کرس جورڈن کا شکار بن گئے۔پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جو 16 رنز پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی آخری وکٹ 157 رنز پر گری جب حارث رؤف ڈبل رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اوول میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے آخری ٹی20 میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ پر گھاس موجود ہے اور موسم بھی سازگار ہے اس لیے ہم ہدف کا تعاقب کریں گے۔پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔انگلینڈ نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک جبکہ پاکستان نے دو تبدیلیاں کی ہیں۔
پاکستان نے اپنی فائنل الیون میں صائم ایوب اور عماد وسیم کی جگہ عثمان خان اور نسیم شاہ کو شامل کیا ہے۔انگلینڈ نے ریس ٹوپلی کی جگہ مارک وُڈ کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دو میچ بارش کی نذر ہوئے اور دوسرا ٹی20 میچ جیتنے والی انگلش ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
