چوری شدہ فون بلاک کرنے کا نیا نظام کیا ہے؟

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے عام شہریوں کی ایک بڑی مشکل آسان کرتے ہوئے چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز بلاک کرنے کا آٹومیٹک ‘ڈیوائس سسٹم’ متعارف کروا دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نیا نظام ان صارفین کے لیے مدد گار ثابت ہوگا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں، صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کےلیے ایسے فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لیے پی ٹی اے کو رابطہ سکتے ہیں۔ ’گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم’ ایک خودکار نظام ہے، جو پی ٹی اے کی ڈیوائس آئیڈینٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم کے ساتھ مربوط ہے، چوری شدہ موبائل فون صارفین کی جانب سے شکایت کے اندراج کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر بلاک کردیا جائے گا۔ صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پی ٹی اے کو فون بلاکنگ کےلیے درخواست دے سکتے ہیں، مزید معلومات و سوالات کےلیے صارف پی ٹی اے کنزیومر اسپورٹ سینٹر ٹول فری نمبر55055- 0800 پر ہفتے کے 7 دن صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔
فون بلاکنگ کی درخواست کے اندراج کے بعد صارف کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا، گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعہ ان بلاکنگ کےلیے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا اور شکایتی حوالہ نمبر کے ساتھ دیگر لازمی تفصیلات بھی فراہم کرنی ہوں گی، جو انہوں نے موبائل فون بلاک کرتے وقت فراہم کی تھیں، موبائل فون ان بلاک ہوجانے کے بعد صارف کو فراہم کردہ نمبر پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا اور فون سیٹ دوبارہ کام شروع کر دے گا۔
