بلاول بھٹوزرداری نے وزیرخارجہ کا حلف اٹھا لیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر ہوئی، صدر عارف علوی نے بلاول بھٹو سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، راجہ پرویز اشرف اور پی پی قیادت سمیت دیگر حکومتی اراکین نے بھی شرکت کی جب کہ اس موقع پر بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
تقریب کے بعدصدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو سے مصافحہ کیا اور انہیں مبارکباد دی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے گلے مل کر انہیں مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں حنا ربانی کھر وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا تھا کہ پارٹی نے اپنی ذمے داریاں اٹھانے کا خود فیصلہ کیا ہے اور کل میں وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھاؤں کا اور بذات خود اتحادی حکومت کا حصہ بنوں گا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری 2018 میں ہونے انتخاب میں کامیاب کی بدولت دوسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے البتہ وہ اب پہلی مرتبہ کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔
