چیمپئنز ٹرافی 2025 : آئی سی سی وفد انتظامات، سیکیورٹی امور کا جائزہ لینے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گیا

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں آئی سی سی کے وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کرتےہوئے انتظامات اور سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا۔
آئی سی سی کا5 رکنی وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پرآیا ہواہے جس نے نیشنل اسٹیڈیم سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔آئی سی سی کےوفد میں سکیورٹی مینیجر ڈیوڈ مسکر، ایونٹ مینیجر سارا ایڈگر،جی ایم کرکٹ وسیم خان،ایونٹ مینیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹر کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
آئی سی سی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کاجائزہ لیا، تعمیراتی کام کی تصاویراور ویڈیو بھی بنائیں۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور سینئر جنرل مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نےوفد کو تعمیراتی کام پرتفصیلی بریفنگ بھی دی۔
اس کےعلاوہ 5 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کابھی دورہ کرےگا اور 21 ستمبر کو دبئی روانہ ہو جائےگا۔
یاد رہے کہ اپریل میں بھی آئی سی سی کے 3 رکنی وفد نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کےانتظامات کا جائزہ لیاتھا جب کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے۔
