چین سے انخلا کےلیے چارٹرڈ طیاروں کی مانگ میں اضافہ

کورونا وائرس کے باعث لوگوں نے چین سے انخلاء کےلیے نجی طیاروں پر انحصار کرنا شروع کردیا ہے جس کے کی وجہ سے چارٹرڈ طیاروں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ائیرلائنز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وائرس کے باعث چین سے باہر جانے کےلیے متعدد امراء نجی طیاروں کا انتخاب کر رہے ہیں جس کےلیے وہ کوئی بھی قیمت دینے کو تیار ہیں۔ مگر کمپنیوں کی جانب سے مذکورہ افراد کو سفری پابندی یا عملے کی کمی کے باعث انکار کیا جارہا ہے۔ پیراماؤنٹ بزنس جیٹس سے منسلک آسٹریلوی ڈارین واؤلس نے کہا کہ نجی طیاروں کی کمپنیوں نے درخواستوں میں ‘کافی اضافہ’ دیکھا ہے مگر متعدد افراد کو نجی طیاروں کی سہولت نہیں فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ صرف اپنے طیارے اور عملے کو چین نہیں بھیجنا چاہتے ہیں، عملے کے خطرے کے علاوہ بھی آپریشنل اور کاروباری معاملات کے باعث چین جانے والے مسافر جب واپس آئیں گے تو ان کےلیے 2 ہفتوں کا قرنطینہ لازم ہوگا۔ سنگاپور کی جیٹ ایشیاء کمپنی نے کہا کہ گزشتہ ماہ سے نجی طیاروں کی درخواست میں 80 سے 90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ان میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو چین کا نیا سال کو منانے کےلیے مختلف شہروں یا ملک سے باہر گئے تھے اور اب وہ واپس چین جانے کےلیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق موصول ہونے والی درخواستوں میں متعدد افراد نے بیجنگ ، شنگھائی اور ہانگ کانگ واپس لوٹنے کا بتایا ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ سفری پابندی کے باعث ہم مجبور ہیں جب کہ ائیرلائن من پسند رقم کے باوجود بھی نجی چارٹر طیارے نہیں دے سکتی۔
