چین سے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب پہنچ گیا

کورونا وائرس پر قابو پانےکے لیے چین نے 100 ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کردیا۔
پی آئی اےکا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے متعلقہ امدادی سامان لے کر لاہور پہنچا جسے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وصول کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ چین کی جانب سے امدادی سامان موصول کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہرآزمائش میں پاکستان کے عوام کی مدد کی ہے اسی لیے پاکستان اورچین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔


اس دوران چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے، مشکل کی گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ چین کی جانب سے ملنے والے امدادی سامان میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس، پروٹیکٹو سوٹس، این 95 ماسک، سرجیکل ماسک، گلوز، ڈسپوزایبل میڈیکل پروٹیکٹوز شامل ہیں جو کورونا سے بچاؤ کےلیے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز، نگرانی پر مامور عملے کو دیا جائے گا۔
اس دوران عثمان بزدار نے مریضوں کے علاج کے لیے خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق قواعدو ضوابط تشکیل دیے ہیں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس وقت 62کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی 8 بی ایس ایل تھری لیب فنکشنل ہو چکی ہیں جب کہ معمولی علامات والے کورونا مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھنے کی اجازت بھی دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button