چین کی پاکستان میں کرونا ویکسین کے کلینکل ٹرائل کی پیشکش

چین کی ایک ادویہ ساز کمپنی نے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو کووِڈ 19 کے لیے تیار کردہ ویکسین کا پاکستان میں کلینکل ٹرائل کرنے کی دعوت دے دی۔
یہ پیشکش چائنہ سائینو فارم انٹرنیشنل کارپوریشن کے جنرل منیجر کی جانب سے این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام کے نام لکھے گئے خط میں کی گئی۔ خط میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ’کامیاب ٹرائل سے پاکستان ان چند اولین ممالک میں شامل ہوجائے گا جہاں کووِڈ 19ویکسین متعارف کروائی جائے گی‘۔ ڈاکٹر عامر اکرام نے خط موصول ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ ‘ابھی تک اس پر کوئی کام نہیں کیا گیا البتہ یہ تعاون پاکستان کےلیے ایک بڑی چیز ہوگی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں کلینکل ٹرائل کے رجحان میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں، اسے شروع کرنے سے قبل متعدد قوانین ہیں، اسے طبی اخلاقی کمیٹی اور دیگر سے منظور ہونا ہے لیکن جب ہمیں کلیئرینس مل جائے گی تو ہم اس کا آغاز کردیں گے۔ ڈاکٹر عامر اکرام کے مطابق پاکستان میں ویکسین کا کلینکل ٹرائل کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ اگر یہ کامیاب ہوگئی تو ملک اسے ترجیحی بنیادوں پر خرید سکے گا۔
واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت، وزارت صحت کے ماتحت ایک آزاد ادارہ ہے۔
چینی کمپنی کے ارسال کردہ خط میں کہا گیا کہ سائنو فارم ان چند اداروں میں شامل ہے جنہوں نے سب سے پہلے نوول کورونا وائرس کی ویکسین تیار کی ہے۔ مذکورہ سرکاری کمپنی چین کی 80 فیصد سے زائد قوت مدافعت کی ویکیسن کی ضروریات کو پورا کرتی ہے اور کووِڈ 19 کے خلاف جنگ میں بھی اپنے ملک میں اہم کردار ادا کیا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اس عمل کے دوران ہم نے متعدد عملی جانچ تیار کی ہیں جو ہم آپ کو دینا چاہتے ہیں اور پاکستان میں ویکسین کی تیاری کےلیے 2 ادارے معاونت کررہے ہیں۔ چینی کمپنی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ریگولیٹری اتھارٹیز نے کووڈ19 ویکسین جلد متعارف کروانے میں سہولت کےلیے ہنگامی پروٹوکولز بنائے ہیں اور چین میں اس عمل کو تیز کرنے کےلیے فیز 1 اور فیز 2 کے کلینکل ٹرائلز اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ کمپنی نے پاکستان کو بھی یہی تجویز دی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کے ذریعے اسی طریقہ کار کو اپنائے۔ خط میں کہا گیا کہ این آئی ایچ کے پاس کسی نامزد طبی ادارے کے توسط سے شرکا کو بھرتی کر کے کلینکل ٹرائل کرنے کےلیے مطلوبہ تکنیکی مہارت اور عناصر موجود ہیں۔
مراسلے میں تجویز دی گئی کہ سائنو فارم کی نمائندہ کمپنی ہیلتھ بی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ اور قومی ادارہ صحت فوری طور پر فیز 1 اور فیز2 کے اکٹھے ٹرائل کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کےلیے مفاہمت کی یادداشت طے کریں۔ چینی کمپنی کے جنرل منیجر کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخظ سے سائنو فارم اس ویکسین کی منظوری، منصوبہ بندی کے حوالے سے مزید خفیہ معلومات فراہم کرسکے گی۔ قومی ادارہ صحت سے وزارت صحت اورڈریپ سے ٹرائل منظور کروانے کی درخواست کرتے ہوئے خط میں کہا گیا کہ وہ مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی، ٹرائلز کی تقسیم سے متعلق فنڈنگ، لاجسٹک کی منصوبہ بندی اور کلینکل ٹرائل کا ڈوزیئر ہیلتھ بی کے ذریعے ڈریپ کو جمع کروانے میں ’مکمل حمایت فراہم‘ کرے گی۔
کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ کلینکل ٹرائل کے عمل کے دوران کامیابی کے لیے ہم قومی ادارہ صحت کی ٹرائل ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں گےکیوں کہ موجودہ وبائی صورت حال کے پیشِ نظر یہ کوشش ہمارے ممالک کےلیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button