چین نے کرونا پھیلانے والی امریکی فوجی خاتون کا نام بتا دیا

ایک دوسرے پر کرونا وائرس بنانے اور پھیلانے کا الزام لگانے والی دو عالمی طاقتوں امریکہ اور چین کے مابین کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب چینی حکام نے ووہان میں کرونا وائرس پھیلانے والی خاتون امریکی فوجی کی شناخت معلوم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چین نے سرکاری طور پر الزام لگایا ہے کہ امریکی فوج میں ایک خاتون ریزرو فوجی عہدیدار یہ وبا پھیلانے والی پیشنٹ زیرو ہے۔ چین نے دعویٰ کیا کہ یہی خاتون امریکہ سے اپنے ساتھ کرونا وائرس ووہان لائی تھیں۔
یاد رہے کہ چین اورامریکا مسلسل ایک دوسرے پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ کرونا وائرس دراصل لیبارٹری میں تیار کیا گیا اور بعدازاں اس کو بائیولوجیکل ہتھیار کے طور پرپھیلا دیا گیا۔ اس حوالے سے امریکہ نے چین کے خلاف اور چین نے امریکہ کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں لیکن دونوں ممالک اس الزام کو ثابت کرنے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف کوئی مستند ثبوت پیش نہیں کرسکے۔
دوسری طرف تازہ ترین غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں چین کے حوالے سے دعوی کیا گیا یے کہ ووہان میں کرونا وائرس کو بطور بائیولوجیکل ہتھیار لے کر جانے والی خاتون امریکی افسر کا نام ماٹجی بیناسی ہے۔ اس خاتون فوج افسر نے چینی حکومت کے دعوے کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس بات کو نہیں مان سکتا کہ میری بیوی یہ حرکت کر سکتی ہے۔ دوسری طرف نہ تو ابھی تک خاتون فوجی افسر ماٹجی بیناسی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور نہ ہی ان میں کسی طرح کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
تاہم چین کے سازشی نظریہ کے مطابق واشنگٹن نے بیجنگ کے ساتھ پچھلے برس اکتوبر میں ووہان میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے جب اپنے فوجی دستے بھجوائے تو اس خاتون کے ذریعے کرونا وائرس کو بھی بطور بائیولوجیکل ہتھیار ساتھ بھجوا دیا جس نے بعد ازاں وبا کی طرح پھیل کر ہزاروں چینیوں کی جان لی۔ یاد رہے کہ یہ خاتون فوجی بطور ایک سائیکلسٹ ووہان میں فوجی جنگی مشقوں میں شرکت کیلئے گئی تھی۔ سازشی نظریے میں ماٹجی بیناسی کا نام پہلی مرتبہ مارچ میں سامنے آیا تھا۔ بیناسی کا کہنا ہے کہ انہیں یہ سازشی نظریہ ماننے والے افراد سے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر ان کے گھر کا پتہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
امریکی ٹی وی سی این این پر اپنے پہلے انٹرویو میں ماٹجی بیناسی نے چینی الزامات کے حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے یہ سب ایک بھیانک خواب سے کم نہیں۔ یاد رہے کہ ماٹجی بیناسی امریکی فوج کی سویلین ملازم ہیں اور امریکی فوج کے فورٹ بیلوائر ورجینیا میں تعینات ہیں۔
