چین پاکستان کو مزید 10 کروڑ ویکسین دیگا

رواں سال کے اختتام تک چین، پاکستان کو کرونا ویکسین کی مزید  10 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گا۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات میں انہیں آگاہ کیا کہ چین، رواں ہفتے ویکسین کے 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا جبکہ رواں سال کے اختتام تک مزید 10 کروڑ خوراکیں فراہم کی جائیں گی۔

ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دونوں فریقین نے امن و خوشحالی کے فروغ اور خطے کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت کی کسوٹی پر پورا اترنے والے دو دوست ہر اچھے اور بُرے وقت میں ایک دوسرے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

Back to top button