ڈار کا انکار، نوازشریف سے چوہدری نثار کی ملاقات کی کوشش ناکام

سابق وزیر خزانہ اور میاں نواز شریف کے قریبی عزیز اسحاق ڈارکی طرف سے معذرت کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات کی ایک اورکوشش ناکام ہوگئی ہے.
ذرائع کے مطابق چودھری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارکی میاں نوازشریف سے ملاقات کروانے کی درخواست کی. چودھری نثار کے قریبی عزیز نے مؤقف اختیار کیا کہ چوہدری نثار لندن میں موجود ہیں ، آپ میاں صاحب کو آمادہ کریں. چودھری نثار ان کی تیمارداری کیلئے آ جائیں گے. دونوں پارٹی رہنماوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں.ذرئع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ میرا نام لیے بغیر آپ یہ کام کرسکتے ہیں لیکن اسحاق ڈار نے صاف انکارکرتے ہوئے کہا کہ میں اس حوالے سےمیاں نوازشریف کا مؤقف جانتا ہوں، اس لیے یہ کام نہیں کرسکتا۔
چودھری نثار کے قریبی عزیز نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چودھری نثار کے سامنے ان کا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرے بارے میں چوہدری نثار کو آگاہ نہ کیجئے گا کہ یہ بات میں نے آپ سے کی ہے، کیونکہ چوہدری نثار بڑے غصے والے ہیں۔ اس پر اسحاق ڈار نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ اتنے قریبی عزیز بھی ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ میرا نام نہیں آنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے نوازشریف سے ملاقات میں یہ ساری بات بھی بتائی، جس پر میاں نواز شریف نے بھی حیرانگی کا اظہار کیا۔
شریف خاندان ذرائع کا کہنا ہے کہاب یہ بات کھل کرسامنے آگئی ہے کہ چوہدری نثار پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے کوشاں ہیں۔ جب چوہدری نثار اپوزیشن لیڈر تھے یا پھر وزیر تھے تو اس وقت بھی ناراض ہوجاتے تو یہی طریقہ اپناتے تھے لیکن اب معاملات بہت خراب ہوچکے ہیں، اس لیے چوہدری نثار کی نوازشریف سے ملاقات کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button