ڈالر کی ایک بار پھر اونچی اڑان، انٹر بینک میں ڈالر 2.34 روپے مہنگا

انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بے قابو ہو گئی اور ڈالر کی قدر میں 3 روپے تک کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3.36 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 154.24 روپے سے بڑھ کر 157.50 روپے اور قیمت فروخت 154.34 روپے سے بڑھ کر 157.70 روپے ہوگئی۔ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 2.70 روپے کے نمایاں اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 154 روپے سے بڑھ کر 156.50 روپے اور قیمت فروخت 154.30 روپے سے بڑھ کر 157 روپے ہوگئی۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 172 روپے سے بڑھ کر 175 روپے اور قیمت فروخت 174 روپے سے بڑھ کر 177.50 روپے ہوگئی۔ برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت خرید 199 روپے سے بڑھ کر 200.50 روپے اور قیمت فروخت 201 روپے سے بڑھ کر 203 روپے ہوگئی۔
چینی یوآن کی قیمت خرید 20 روپے اور 22.50 روپے پر مستحکم رہی، سعودی ریال کی قیمت خرید 40.60 روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت 40.90 روپے سے بڑھ کر 41 روپے ہوگئی۔ یواے ای درہم کی قیمت خرید 41.60 روپے سے بڑھ کر 41.80 روپے اور قیمت فروخت 41.90 روپے سے بڑھ کر 42.20 روپے ہوگئی۔دوسری جانب فاریکس ڈیلرز کے ذرائع نے بتایا ہے کہ موجودہ صورتحال میں روپے کے بجائے ڈالر کی قدر میں گراوٹ ہونی چاہیے تھی تاہم یوں لگتا ہے کہ مارکیٹ میں سٹے باز سرگرم ہیں اور جان بوجھ کر ڈالر کی قدر میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر روپے کی قدر میں یونہی گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا تو مرکزی بینک کو مارکیٹ میں مداخلت کرنا پڑ سکتی ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قدر 22 پیسے کمی کے بعد 154 روپے 16 پیسے پر آئی تھی جو کہ ڈالر کی قدر کی 8 ماہ کی کم ترین سطح تھی۔ گزشتہ سال جون میں ڈالر نے اونچی اڑان بھری تھی اور ایک ڈالر کی قدر 163 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
