ڈالر گرل ایان علی کا میوزک البم کب آ رہا ہے؟

منی لانڈرنگ کیس میں ڈالرگرل کا لقب پانے والی معروف ماڈل اور گلوکارہ ایان علی نے جولائی 2020 کے دوسرے ہفتے میں بیک وقت 7 نئے گانے ریلیز کرنے کے اعلان کے بعد اب اپنے نئے میوزک البم کا نام ’Nothing Like Everything بتاتے ہوئے اگست 2020 کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 سال بعد آنےوالا ان کا میوزک البم اگست میں لانچ کیا جائے گا۔
ماڈل اور گلوکارہ ایان علی نے مداحوں کو اپنے نئے میوزک البم کا نام بتا دیا ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایان علی نے اپنی ایک مختصر سی ویڈیو پوسٹ کی، ماڈل کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں ان کا فوٹو شوٹ ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور ویڈیو دیکھ کر واضح ہو رہا ہے کہ یہ ان کے نئے پراجیکٹ کا کوئی حصہ ہے۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ایان علی نے اپنے چاہنے والوں سے ان کا حال احوال دریافت کیا اور پھر بتایا کہ یہ ویڈیو ان کے نئے آنے والے پراجیکٹ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ ایان علی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے نئے ایلبم کا نام بتاتے ہوئے لکھا کہ ان کے میوزک البم کا نام ’Nothing Like Everything‘ ہے۔
متنازعہ ماڈل نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ اگست 2020 بھی استعمال کیا جس سے لگ رہا ہے کہ ان کا یہ البم اگست میں ریلیز کیا جائے گا۔ ایان علی کی طرف سے نئے میوزک البم کی لانچنگ کے اعلان کے بعد جہاں گلوکارہ کے فینز نے انہیں شوبز میں دوبارہ ویلکم کہا اور آنے والے نئے پروجیکٹ کے لیے اچھی دعائیں دیں وہیں کچھ صارفین منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے ان پر تنقید بھی کرتے نظر آئے۔
سمیرا امتیاز نامی صارف نے ان کی ٹویٹ پر طنزیہ تبصرے میں لکھا کہ ’منی لانڈرنگ کے بڑے ذریعے کے طور پر ہمیں آپ پر فخر ہے‘۔
ریٹیل ڈاکٹر نامی انسٹا ہینڈل نے لکھا کہ ’کافی لمبے عرصے کے بعد ایان علی وہ کرنے لگی ہیں جس میں وہ بہت اچھی ہیں۔‘ واضح رہے کہ قبل ازیں 11 جولائی 2020 کے روز ایان علی نے شوبز میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے 7 گانے ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ 5سال بعد شوبز میں واپس آ رہی ہیں۔ پرانی لیمبرگینی میں بیٹھ کر اپنے 7 نئے گانے سننے اور سیر پر جانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔گلوکارہ نے لکھا تھا کہ مذکورہ گانوں کے لیے وہ گزشتہ 5 سال سے محنت کررہی ہیں جن سے اب ان کے مداح بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
یاد رہے کہ ایان علی نے 4 ماہ قبل بھی انسٹاگرام پوسٹ کی تھی اوراپنے گانے’’ارتھ کوئک‘‘ کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میرا 5 سال قبل ریلیز کیا گیا گانا آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہے۔ اس گانے کے ساؤنڈ کلاؤڈ پر 30 ملین سے زائد اور یوٹیوب پر 15 ملین سےزائد ویوز ہیں۔ خیال رہے کہ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظر انٹنر نیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے وقت گرفتار کرکے ان 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد کیے گئے تھے۔مذکورہ واقعے کے بعد ہی ان پر ‘ڈالراسمگلنگ گرل’ کا نام پڑا اور وہ کم از کم 4 ماہ تک جیل میں رہیں۔ فروری 2017 میں سپریم کورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد وہ 17 فروری 2017 کو دبئی روانہ ہوگئی تھیں۔ 2017 میں دبئی جانے کے بعد درجنوں بار طلبی کے باوجود ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے باعث ایان علی کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور ان کا اپارٹمنٹ بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ برس مارچ میں سپریم کورٹ نے ان کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ بادی النظر میں ملزمہ کرنسی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایان علی اپنے ہی تیار کردہ چند گانوں میں شاندار پرفارمنس کرتی دکھائی دی تھیں، تاہم انہیں اپنی پرفارمنس اور آواز کے بجائے اسمگلنگ کیس سے شہرت ملی تھی۔ علاوہ ازیں وہ فیشن شوز میں ملبوسات کو متعارف کرانے سمیت کچھ اشتہاروں میں بھی دکھائی دی تھیں۔کرنسی اسمگلنگ سے شہرت حاصل کرنے کے 5 سال بعد اب ایان علی کی شوبز واپسی کو ان کے نئے دور کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
