ڈان لیکس نے ثابت کیا کہ قومی مفاد جھوٹا اور سچ برتر ہوتا ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے دوسروں کی بجائے پہلے اپنے گھر کو درست کرنے کی بات نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ سچ قومی مفاد سے برتر اور مقدم ہوتا ہے کیونکہ قومی مفاد وقت کے ساتھ بدلتا رہتا یے جبکہ سچ ہمیشہ سچ ہی رہتا ہے۔ 2016 میں جب نواز شریف نے فوجی قیادت کو اپنا گھر درست کرنے اور دوسروں کے گھروں میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دیا تو اسے ڈان لیکس کا نام دے کر سابق وزیراعظم کو غدار قرار دے دیا گیا حالانکہ انکا موقف سچ پر مبنی تھا۔ تاہم قومی مفاد کی ٹھیکیدار طاقتور سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نے ان کے موقف کو قومی مفاد کے منافی قرار دے دیا اور انہیں اس بات پر مجبور کیا کہ وہ یہ مشورہ ڈان اخبار کو لیک کرنے کی پاداش میں پرویز رشید اور طارق فاطمی کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیں۔ اس معاملے پر تب کے فوجی ترجمان عاصم سلیم باجوہ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ایماء پر نواز حکومت کا خوب رگڑا نکالا اور اسکے خلاف اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹس بھی کر دیے۔ تاہم اب چار برس بعد جنرل قمر باجوہ نے ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کے پیش نظر وہی مشورہ دیا ہے جو کہ 2016 میں نوازشریف نے دیا تھا۔ اب جنرل باجوہ کا کہنا ہے کہ اپنے گھر کو درست کرنا بہترین قومی مفاد میں ہے۔ وجہ یہ ہے کہ آج ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے یعنی قومی مفاد بدل چکا ہے حالانکہ 2016 میں بھی یہی سچ تھا اور آج بھی یہی سچ ہے۔
جنرل باجوہ کے اپنا گھر پہلے درست کرنے کے بیان پر قومی ہی نہیں عالمی سطح پر بھی توجہ دی گئی ہے اور اس پر بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال جاری ہے۔ چند برس قبل زرداری دور حکومت میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی نے اس وقت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ایسے ہی موضوعات پر کچھ سفارشات مرتب کی تھیں۔
ان تجاویز اور فوج کے سربراہ کے بیان میں مماثلت کے بارے میں سوال پر مولانا فضل الرحمٰن نے بی بی سی کے لیے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’اصل مشکل یہی ہے کہ جب اس طرح کی کوئی بات حکومت یا نواز شریف کہہ دے تو ڈان لیکس بن جاتی ہیں، انھیں غدار قرار دیا جاتا ہے۔ یا پھر ایسی بات ہم جیسے لوگ کہہ دیں تو کہا جاتا ہے کہ یہ سویلین لوگ ہیں، یہ ایسی نازک باتیں کہاں سمجھتے ہیں۔‘ مولانا نے کہا انھیں خوشی ہے کہ قومی سلامتی کے ضمن میں جس راستے کی نشاندہی نواذ شریف کی جقنب سے کی گئی تھی، ڈھائی برس کے بعد وہ فلسفہ آرمی چیف کی سمجھ میں آ گیا ہے۔ ’اب وہ اس راستے پر آئے ہیں تو ہم انھیں مشورہ دیں گے کہ قومی مقاصد کے حصول کی کنجی قومی ترقی کے راز میں پوشیدہ ہے۔ لہٰذا ہمیں اپنی ترقی پر پوری توجہ مرکوز کر دینی چاہیے۔‘
مولانا کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ قومی خارجہ پالیسی پاکستان کے مفادات کے تابع ہو اور اسے دنیا کے مفادات سے کسی طرح بھی وابستہ نہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ایک جامع اور باریک بینی کے ساتھ تیار کی گئی حکمت عملی اور خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔‘
مولانا فضل الرحمٰن نے ایک اور سوال پر کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیر اور دوطرفہ مسائل کے حل کے سلسلے میں مذاکرات کی کلید انڈیا نے اپنے ہاتھ میں رکھی ہوئی ہے اور جب وہ حالات کو اپنے مقاصد کے اعتبار سے موزوں پائے گا، مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرے گا جس میں پاکستان کے لیے نقصان کا اندیشہ ہو سکتا ہے. ’ایسی صورتحال سے نمٹنے کا راستہ بھرپور قومی اتفاق رائے، اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان اور ایک مضبوط حکومت ہی کر سکتی ہے۔ پاکستان پر آئی ایم ایف، ایف ٹی اے ایف اور انسانی حقوق کمیشن وغیرہ کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کا راستہ بھی یہیں سے نکلتا ہے۔‘
مولانا نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے ’ہاؤس کو ان آرڈر‘ لانے کی بات سامنے آنے پر ہم سمجھتے ہیں کہ اب بدلتے ہوئے قومی مفاد کے تحت فوجی قیادت بھی ہمارے نظریات کے قریب آ چکی یے۔ لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے بڑے اہداف نظریاتی اور سیاسی طور پر ایک مضبوط حکومت کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں، اور موجودہ کمزور غیر نظریاتی حکومت میں یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ایسا بڑا کام کر سکے۔‘
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی نے آج سے ڈھائی برس قبل یعنی سنہ 2018 میں حکومت کو کچھ سفارشات پیش کی تھیں، جن کا بنیادی نکتہ عین ان ہی الفاظ میں تھا کہ ہمیں اپنے گھر کو درست کرنا ہے، اسی صورت میں دنیا میں ہماری بات سنی جا سکے گی اور ہم کشمیر سمیت اپنے بنیادی مسائل پر کوئی مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔
کشمیر کمیٹی کی اس رپورٹ میں حکومت کو کئی اہم تجاویز پیش کی گئی تھیں جن کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ موجودہ حالات میں پاک چین اقتصادی راہداری عالمی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہے اور عالمی طاقتوں کی طرف سے پاکستان کے تعلق سے ان دنوں جو پالیسیاں اختیار کی جارہی ہیں، وہ اقتصادی راہداری ہی کے گرد گھومتی ہیں۔
کشمیر کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ ’ان دنوں‘ انڈیا نے کشمیر کے ضمن میں جو طرز عمل اختیار کر رکھا ہے اور مذاکرات کی بار بار پیشکش کے باوجود کشیدگی میں اضافہ کرتا جا رہا ہے یا ایف اے ٹی ایف کے ذریعے پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔ کمیٹی کے مطابق دیگر عوامل کے علاوہ ان کی ایک اہم وجہ اقتصادی راہداری ہے جس کے بارے میں طاقت کے بعض عالمی مراکز کا انداز فکر پاکستان سے مخلتف ہے، اس پس منظر میں ضروری ہے کہ پاکستان اپنے داخلی حالات ک فوری طور پر درست کرے کیونکہ مکمل قومی اتفاق رائے کے ذریعے ہی پاکستان بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر اعتماد کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کر کے اپنے قومی مقاصد کے حصول کی طرف قدم بڑھا سکتا ہے۔
پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا امریکا، انڈیا اور اسرائیل پر مشتمل ایک سہ ملکی اتحاد کچھ اس قسم کا ماحول پیدا کر رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے نکتہ نظر سے کچھ ایسے نان ایشوز اہمیت اختیار کر جاتے ہیں جن میں الجھ کر پاکستان اپنے بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز نہیں رکھ پاتا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایسے مسائل میں الجھ جاتا ہے جن کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کے لیے سیاسی ہی نہیں اقتصادی مسائل پیدا ہو جاتے ہیں اور ان مسائل پر سے نمٹنے کے لیے داخلی سطح پر زیادہ بڑے، غیر معمولی اور حساس پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔
اس پس منظر میں کشمیر کمیٹی نے تجویز پیش کی کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کشمیر کمیٹی کو ہمیشہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا درجہ دیا جائے اور اسے کسی ایک ایوان کی کمیٹی نہ بنایا جائے۔ دوسری تجویز یہ پیش کی گئی کہ قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو ایک سطح پر جا کر یکجا کر دیا جائے تاکہ قومی سلامتی، کشمیر اور قومی سلامتی کی طرح ہی اہم اقتصادی معاملات پر ایک بڑا پلیٹ فارم غور فکر کر کے پالیسی کی تشکیل میں معاونت کر سکے۔ کمیٹی کی ان تجاویز کے پس پشت یہ حکمت پوشیدہ تھی کہ حکومت، پارلیمنٹ میں نمائندہ سیاسی قوتیں اور عسکری قیادت جب ایک پلیٹ فارم کو یکجا ہو کر فیصلے کریں گی تو اس کے نتیجے میں زیادہ بڑے پیمانے پر قومی اتفاق رائے بھی وجود میں آئے گا اور بیرون ملک بھی پاکستان کا مؤقف زیادہ توانائی کے ساتھ پہنچ سکے گا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے یہ سفارشات اپنے ایک خط میں اس وقت کی حکومت کو پہنچا دیں تھیں لیکن وہ حکومت اس وقت غیر معمولی سیاسی بحرانوں میں گھری ہوئی تھی جس کی وجہ سے یہ اہم معاملہ قومی ایجنڈے پر نہ آسکا۔
پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی یہ سفارشات اس وقت پارلیمان کی لائبریری میں موجود ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان پر جمی گرد ہٹا کر ان پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔
