ڈاکٹرعبدالقدیر خان کو سیاسی ، سماجی ، عسکری قیادت کا خراج عقیدت

محسن پاکستان اور نامورایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عسکری قیادت کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو آج صبح پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوشش کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور 85 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایٹمی سائنسدان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کے انتقال کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا، 1982 سے ڈاکٹر عبدالقدیر کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، جوہری ہتھیار وں کے حوالے سے قوم ان کی خدمات کبھی نہیں بھولے گی۔

محسن پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی ریاست بنانے میں مرکزی کردار اداکیا جس کی وجہ سے پاکستانی قوم ان سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے ہمیں ایک جارحانہ ایٹمی قوت رکھنے والے پڑوسی ملک سے تحفظ فراہم کیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستانیوں کے لیے قومی ہیرو کی حیثیت رکھتے تھے۔عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ڈاکٹر عبد القدیر کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ آج قوم ایک سچے محسن سے محروم ہوگئی ہے جس نے دل وجان سے مادر وطن کی خدمت کی۔شہباز شریف نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ملک کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور لکھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس کی جانب سے بھی ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبد القدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیرخان کے درجات کو بلند کرے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹرعبد القدیر نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی پاکستان کےلیے خدمات ان گنت ہیں۔

وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کا انتقال قومی سانحےسے کم نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے محسن پاکستان سے محروم ہو گئی ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا لیکن ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو محفوظ بنایا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان صرف ایک سیاستدان ہی نہیں بلکہ ایک کالم نویس، معلم اور قوم کا دکھ درد رکھنے والے باعمل مسلمان تھے، ان کا انتقال ناصرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔چوہدری برادران کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان عظیم سائنسدان اور سچے پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ محسن پاکستان کی پاکستان سے محبت کا کوئی ثانی نہیں ،ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی پاکستان کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، عبدالقدیرخان نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تقسیر بنایا۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے اور وفاقی وزیر مونس الہٰی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان کا اصل ہیرو قرار دیا اور کہا کہ دنیامیں آج پاکستان کو جو مقام حاصل ہے وہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی بدولت ہے۔

Back to top button