ڈاکٹرماہا کیس؛ ضمانت مسترد ہونے پر ملزمان عدالت سے فرار

ڈاکٹرماہا خودکشی کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر ملزم وقاص اور جنید کمرہ عدالت سے فرارہوگئے۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو ڈاکٹر ماہا شاہ خود کشی کیس میں نامزد ملزمان کی ضمانت کی درخواست پرسماعت ہوئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان جنید اور وقاص کی ضمانت مسترد کردی۔
ضمانت مسترد ہونے پر ملزم وقاص اور جنید کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے۔ تاہم سٹی کورٹ کے باہر تفتیشی افسر نے رکشے میں بیٹھے ملزم جنید کو پکڑلیا اور ہتھکڑی بھی پہنادی۔ ملزم جنید کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر نے مجھ سے ایک لاکھ روپے لئے جب کہ تفتیشی افسر کا بیان تھا کہ اس کے وکلا نے اسے فرار کروایا۔
واضح رہے کہ متوفیہ ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد نے جنید، وقاص اور ڈاکٹر عرفان کو اپنی بیٹی کی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرایا تھا۔ جنید اور وقاص نے عدالت میں ضمانت کی درخواست دے رکھی تھی، جب کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
