ڈرامہ نگار خلیل الرحمنٰ قمر نےعروہ حسین سے معافی کیوں مانگی؟

پاکستان کی لبرل اور ترقی پسند خواتین کی جانب سے شروع کی جانے والی ‘میرا جسم میری مرضی’ مہم کے سخت ترین ناقد ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے اداکارہ عروہ حسین سے معافی مانگ لی ہے، عروہ نے بتایا ہے کہ خلیل الرحمن قمر نے سرکاری ٹی وی پر مجھے تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد گلے لگا کر معافی مانگی تھی۔ حال ہی میں عروہ حسین نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنے اور خلیل الرحمٰن قمر کے درمیان فلم کی شوٹنگ پر ہونے والے تنازع سے متعلق گفتگو کی۔
میزبان احسن خان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عروہ نے انکشاف کیا کہ خلیل الرحمٰن قمر نے سرکاری ٹی وی چینل پر بیٹھ کر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ عروہ نے تفصیل بتائی اور کہا کہ دراصل میں نے خلیل الرحمٰن قمر کی لکھی ہوئی فلم چھوڑی نہیں تھی، میں تیار تھی لیکن اس کی شوٹنگ منسوخ ہو گئی تھی، جب فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع ہوئی تو تب تک میں دوسرے ڈراموں میں مصروف ہو چکی تھی اور میرے پاس وقت نہیں تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ اس بات پر خلیل الرحمٰن قمر بہت ناراض ہوئے اور ٹی وی پر بیٹھ کر میرے بارے میں سخت گفتگو کی اور مجھے مغرور قرار دے دیا، بعد ازاں جب وہ مجھ سے ملے تو میں نے انہیں ساری بات بتائی جسکے بعد انہوں نے مجھے گلے لگا کر معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ تم بالکل میری بیٹی کی طرح ہو، عروہ حسین نے بتایا کہ میں نے خلیل الرحمٰن قمر سے کہا تھا کہ آپ نے تنقید تو ٹی وی پر بیٹھ کر کی اور معافی اکیلے میں مانگ رہے ہیں، خیال رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے عروہ کے ساتھ کام کرنے کو اپنی زندگی کا سب سے خوفناک تجربہ قرار دیا تھا۔
مختصر دورانیے کی کلپ میں عروہ حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے خلیل الرحمٰن کی لکھی ہوئی فلم ’کاف کنگنا‘ میں کام کرنے سے انکار نہیں کیا تھا، عروہ حسین کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبے پر خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے معافی کی کلپ بھی بنائی جو کہ بدقسمتی سے اتنی زیادہ وائرل نہیں ہوئی، کیوں کہ وہ مثبت ویڈیو تھی۔ خیال رہے کہ خلیل قمر نے 2018 میں مختلف انٹرویوز میں عروہ حسین پر تنقید کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی خوفناک قرار دیا تھا۔ خلیل الرحمٰن قمر کی فلم ’کاف کنگنا‘ 2019 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں عائشہ عمر اور ایشل فیاض نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، فلم کی دیگر کاسٹ میں سمیع خان، نیلم منیر، صبا حمید اور صبا فیصل شامل تھیں۔
