ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب نے دورانِ حراست جو سلوک کیا، اس کا حساب ابھی باقی ہے، قوم کے سامنے ناموں سمیت سب آئے گا، ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے! جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ بھی کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر نیب کی پریس ریلیز پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے! اسی نہتی لڑکی سے جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا۔
اور جو سلوک نیب نے دورانِ حراست مریم سے رکھا، اس کی تفصیل اور حساب ابھی باقی ہے۔ سب آئے گا قوم کے سامنے، ناموں سمیت۔ان شاءاللہ!
واضح رہے قومی احتساب بیورو(نیب ) لاہور نے آج میڈیا رپورٹس جن میں 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں قانون کے مطابق 2 انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر مبینہ طور پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں، اور دیگر افراد کی طرف سے نیب کی عمارت پر چڑھائی کرنے، پتھراؤ کرنے، نیب کے قانونی اور آئین کے مطابق سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے اور نیب آفس کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات کی بنیاد پر نیب نے آئینی اقدامات اٹھانے، عمارت کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نیب کو ریڈزون ڈکلیئر کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے درخواست کی جارہی ہے۔ نیب نے واضح کیا کہ وہ کسی دھمکی یا دباؤ کی پروا کیے بغیرہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے قوم کی اربوں روپے لوٹی رقوم کی واپسی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔نیب انسداد بدعنوانی کا قومی ادارہ ہے جس کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں ہے، بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے نیب لاہور کے پریس ریلیز کووزیراعظم عمران خان کی گھبراہٹ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی26 مارچ کو نیب نیازی گٹھ جوڑ میں سیاسی طلبی ہے۔ نیب سیاسی پریس ریلیز جاری کرنے سے اجتناب کرے، اس طرح کی سیاسی بیان بازی کا کوئی جواز نہیں۔ نیب نے پہلے ہی ‘پتھراو’، ‘چڑھائی’ اور’سرکاری فرائض میں رکاوٹ’ جیسے الفاظ استعمال کرکے اپنی بدنیتی ظاہر کردی ہے۔ ‘یہ سرکاری فرائض’ نہیں بلکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے کالے کرتوت ہیں جو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ نیب انسداد بدعنوانی کا نہیں، بدعنوان ووٹ چور حکمرانوں کو بچانے اور ‘سیاسی انجینرنگ’ کا آلہ کار ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈا گردی کا پہلے کی طرح بھرپور مقابلہ کریں گے۔ ایسے سیاسی بدنیتی پر مبنی پریس ریلیز سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔
ڈرتے ہیں NAB والے ایک نہتی لڑکی سے! اسی نہتی لڑکی سے جس پر NAB نے قاتلانہ حملہ کیا۔ اور جو سلوک NAB نے دورانِ حراست مریم سے رکھا، اس کی تفصیل اور حساب ابھی باقی ہے۔ سب آئے گا قوم کے سامنے، ناموں سمیت۔ انشاءاللّہ! pic.twitter.com/WzKRkpXO8c
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 22, 2021
