ڈسکہ الیکشن میں لاپتہ پریزائیڈنگ افسران کی انکوائری کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کردیا ، انکوائری افسر 15 مئی تک اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کے لیے انکوائری افسر کا تقرر کردیا ، صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل انکوائری افسر ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ لاپتہ پریذ ائیڈنگ افسران صبح تک کہاں رہے اس کا پتہ چلایا جائے گا ، جس کے لیے انکوائری افسر پریذائیڈنگ افسران اور سیکیورٹی عملےکی ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں کی جانچ کرے گا ، انکوئری افسر ماہرین اور اداروں سے بھی مدد لے سکے گا ، انکوائری افسر کے پاس تمام وفاقی اور صوبائی اداروں سے بھی مدد لینے کا اختیار ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انکوائری ناصرف افسر لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے بیانات ریکارڈ کرے گا ، بلکہ انکوائری میں ٹرانسپورٹیشن اور سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا ، جس کی روشنی میں مبینہ کرپٹ پریکٹس میں ملوث افسران کا تعین کیا جائے گا ، رزلٹ ٹمپرنگ اور پولنگ عملے کو لاپتہ کرنے میں مدد دینے والوں کا تعین بھی کیا جائے گا۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کی درخواست مستردکردی ، سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات 10اپریل کو کرانے کا حکم دے دیا ، این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات سے متعلق کیس کافیصلہ سنادیا گیا ، جس میں این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے اور سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی کی درخواست مسترد کردی۔
علاوہ ازیں این اے 75 ڈسکہ میں ایک بار پھر سے ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے نیا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ، این اے 75 کے ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے نیا سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے ، جس کے تحت حلقے میں ضمنی الیکشن فوج کی سیکیورٹی میں کرایا جائے گا، اس مقصد کیلئے این اے 75 ڈسکہ میں 3 فیزز میں سیکیورٹی انتظامات ہوں گے ، ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 75میں پولیس پہلے ، رینجرز دوسرے اور پاک فوج تیسرے فیز میں تعینات ہوگی جب کہ فوج اور رینجرز جوان پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button