ڈیلی میل کی معذرت ہماری بے گناہی کا ثبوت ہے

سابق وزیراعظم نواز شریف نے شہباز شریف پر الزامات کے حوالے سے ڈیلی میل کی معذرت کو اپنی بے گناہی کا ثبوت قرار دیا ہے۔
لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’عمران خان اور شہزاد اکبر نے جھوٹے الزامات لگائے، اس کے لیے آج ڈیلی میل نے معافی مانگی ہے کہ ہماری خبر جھوٹی تھی اور ہمیں کوئی ثبوت نہیں مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان اور شہزاد اکبر کے کہنے پر انہوں نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ، کرپشن، اختیارات اور فنڈز کے غلط استعمال اور کک بیکس کے الزامات لگائے تھے، ان سب پر کچھ عرصے پہلے نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف کو کلین چیٹ دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کل یہاں ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگی ہے، یہ برطانیہ ہے، یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نہیں ہے، یا پی ٹی آئی یا پاکستان کی کسی اور سیاسی جماعت کی حکومت نہیں ہے، ایک آزاد ملک ہے، عوام کی حکمرانی ہے اور جمہوریت ہے، وہ ملک یہ کہہ رہا ہے اور اسی ملک کی رپورٹ ہے اور اس کے ملک کے اخبار نے یہاں پر معافی مانگی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ’کسی کی معصومیت اور بے گناہی کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہوسکتا ہے، یہ بہت بڑی بات ہے، عمران خان، شہزاد اکبر اور ان کے ساتھیوں اور ان کی پارٹی کو بھی سر شرم سے جھکانا چاہئے۔
