ڈینگی کیسز میں اضافہ ، لاہور ایکسپو سینٹر میں خصوصی ہسپتال فعال

ڈینگی کے کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ، لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ڈینگی کے لیے ہسپتال فعال کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کا مفت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے ، نجی کلینکس اور لیبارٹریوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 90 روپے رکھی گئی ہے۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ٹیسٹ سرکاری یا نجی ہسپتالوں میں کرایا جا سکتا ہے ، سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کا مفت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے ، ڈینگی ہونے پر گھر پر علاج کرنے کی بجائے فوری طور پر متعلقہ ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلے برس راولپنڈی ڈینگی کا مرکز بنا تھا اور اس بار لاہور میں ڈینگی بہت زیادہ ہے ، اسی لیے لاہور کے ایکسپو فیلڈ ہسپتال کو ڈینگی کے علاج کیلئے فعال کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں بچے بھی ڈینگی بخار سے متاثر ہونے لگے ہیں ، ڈینگی کیسز میں بڑھتے اضافے کے باعث سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے لگے ہیں ، اسی وجہ سے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے مختص بستروں پر بھی ڈينگی کے مریض زيرِ علاج ہیں۔

Back to top button