کارکنوں کیخلاف کارروائیاں نہ رکیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مریم نواز ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، آج کا واقعہ پنجاب حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، لیگی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں نہ رکیں تو ذمہ دار حکمران ہونگے۔
خواجہ آصف کا قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور مسلم لیگ (ن) مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ ہم احتساب کے مخالف نہیں، میں خود احتساب کے لئے نیب میں پیش ہوتا ہوں لیکن یہ جو ابتدا کی گئی ہے، اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی سیاسی قائدین نیب کی پیشیوں پر جاتے ہیں، کارکن جمع ہوتے ہیں۔ مریم نواز بھی جب پیش ہوئیں تو ہزاروں کارکن جمع ہوئے، تاہم اس بار پولیس نے ظالمانہ تشدد کیا۔ مریم نواز کی گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی۔ اتنی سیکیورٹی سپریم کورٹ میں نہیں ہوتی، جتنی نیب کے باہر ہوتی ہے۔ آج جبر کی انتہا کر دی گئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔
خواجہ آصف کی تقریر پر جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مریم نواز شریف کی نیب پیشی کے دوران پیش آنے والے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کو سامنے رکھ کر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی جانب سے توجہ دلانے اور واقعے پر مذمتی بیان کے بعد اپنے ردعمل میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیشیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا، اس کی تحقیقات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو عدالت میں موقف پیش کرنا چاہیے، ایسی احمقانہ حرکت کوئی بھی کر سکتا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
خیال رہے کہ مریم نواز شریف کی پیشی کے دوران لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان سخت تصادم دیکھنے میں آیا ہے۔ مریم نواز نے کارکنوں پر تشدد کو ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے مریم نواز ہی کو واقعے کی ماسٹر مائنڈ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔ ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button