کارکن تیار رہیں، اسلام آباد 20 لاکھ لوگ لے کر آئیں گے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ شریف مافیا نے جمائما کیخلاف یہودی لابی کی مہم چلائی، اب عید کے بعد میری کردار کشی کی جائے گی۔
ملتان میں ہونے والی ورکرز کنونشن سے خطاب کے موقع پر عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کو حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی کال دینی ہے، یہ پچھتر سالوں میں اہم ترین تحریک ہوگی۔
عمران خان کے مطابق میرے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی، عہدیداروں نے میری قوم کو تیار کرنا ہے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اسلام آباد کے لیے تیار کرنا ہے، ہم 20 لاکھ لوگ لے کر آئیں گے، جو بیرونی سازش اس ملک کے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر ہوئی، اس کے ذریعے اس ملک پر چوروں کو ٹولہ مسلط کیا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس کو صرف اس لیے ہمارے پر مسلط کیا گیا کیونکہ یہ کبھی بھی باہر کی قوتوں کے مفادات کے خلاف نہیں جائے گا، جب پاکستان پر 400 ڈرون حملے کیے گئے، اس وقت اس کے بھائی اور آصف زرداری کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا۔
عمران خان کے مطابق شریفوں کی کرپشن کا وائٹ پیپر جاری کروں گا جس میں بتاؤں گا کہ کون کون سے کیسز چل رہے ہیں، کتنا پیسہ چوری کیا، یہ سب قوم کے سامنے رکھوں گا تاکہ قوم کو پتا چلے کہ باہر کے سامراج نے کس قسم کے لوگ اس ملک پر مسلط کیے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیسے ہمارے لوٹوں کو پیسے دے کر ان کے ضمیر خریدے گئے اور یہ کردار کشی کرتے ہیں، یہ لوگوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، یہ وہ شہباز شریف ہے جس نے سب سے زیادہ پولیس مقابلے میں لوگ اور مخالفین مروائے ہیں۔

Back to top button