کترینہ کیف نے دوبارہ سلمان خان کو کیوں چھوڑ دیا؟

اداکارہ کترینہ کیف کے بارے میں تازہ اطلاع یہ ہے کہ انہوں نے دوبارہ سلمان خان کو چھوڑ دیا ہے اور اب انکا نام اداکار وکی کوشل کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان آج کل گہری دوستی ہے اور وہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
حال ہی میں اداکار انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کترینہ اور وکی کوشل ایک ساتھ ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ کترینہ اور وکی اپنے رشتے کے بارے میں ہمیشہ خاموش رہے ہیں۔ انٹرویو کے دوران جب ہرش سے پوچھا گیا کہ بالی ووڈ میں ایسا کونسا رشتہ ہے جس کی افواہ سچ ہے جواب میں ہرش کا کہنا تھا کترینہ اور ’وکی کوشل کا رشتہ۔‘ اس طرح ہرش نے ان کے رشتے کی تصدیق کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ کہیں یہ بتا کر وہ مشکل میں تو نہیں پڑ جائیں گے۔
انیل کپور کے بیٹے کے اس انکشاف کے بعد اس وقت بھارتی میڈیا میں یہ بحث جاری ہے کہ کیا کترینہ کیف نے ایک مرتبہ پھر سلمان خان کو چھوڑ دیا ہے اور آخر اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ماضی میں کترینہ کیف اور سلمان خان کا عشق زوروں پر تھا لیکن پھر اچانک پتہ چلا کہ کترینہ نے سلمان کو چھوڑ کر رنبھیر کپور کے ساتھ دوستی کر لی تھی۔ لیکن کچھ عرصہ بعد رنبھیر نے کترینہ کو چھوڑ دیا تھا چنانچہ وہ دوبارہ سلمان خان کی طرف لوٹ آئیں۔
کچھ ماہ پہلے تک سلمان خان اور کترینہ کیف کی دوستی کے پیش نظر ان دونوں کی شادی کی بھی افواہیں چل رہی تھیں۔ اس دوران جب کترینہ کیف سے شادی بارے پوچھا گیا تو انکا کہنا تھا کہ ان کی شادی کا فیصلہ سلمان خان کریں گے۔ تاہم اب کترینہ کیف کے وکی کوشل کے ساتھ افئیر کی خبروں سے ان کے مداحین حیران اور پریشان ہو گئے ہیں۔
