کراچی،غیرملکیوں کی گاڑی پرخودکش دھماکہ،2حملہ آورہلاک،3افراد زخمی

کراچی لاندھی مانسہرہ کالونی میں غیرملکیوں کی گاڑی پرخودکش دھماکہ،2حملہ آور ہلاک جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کاکہنا ہے کہ خودکش دھماکے میں حملہ آور سمیت 2دہشت گرد ہلاک ہوئے۔فائرنگ کرنیوالے دہشت گردکا پولیس سے مقابلہ ہوا۔دوسرادہشت گرد پولیس کی فائرنگ سے ماراگیا۔
پولیس حکام کاکہنا ہے کہ وین میں 5غیرملکی سوار تھے ،تمام افراد محفوظ رہے۔غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیاگیا ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ غیرملکی زمزمہ سے ایکسپورٹ پروسینگ زون جارہے تھے ۔
سکیورٹی گارڈ حارث کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھاکہ ہم کانوائے کی صورت میں علاقے سے گزررہے تھے۔گاڑی جیسے ہی سپیڈ بریکر کے قریب پہنچی تو دھماکہ ہوگیا۔دھماکے کے ساتھ ہی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ایک حملہ آور نے گاڑی کے قریب آکر خود کودھماکے سے اڑادیا۔دوسرا دہشت گرد ہماری گاڑی پرفائرنگ کررہا تھاغیرملکیوں کو ہم نے دوسری گاڑی پرمحفوظ مقام پرمنتقل کردیا۔شدید فائرنگ کی آوازیں سن کر پولیس بھی موقع پر پہنچی۔دوسرا حملہ آور مقابلے میں ماراگیا۔اس راستے سے ہم روزانہ کلفٹن سے لانڈھی آتے جاتے ہیں۔
