کراچی : ائیرپورٹ کےقریب حملے کی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں

جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ کراچی کے قریب اتوار کی شب غیر ملکیوں کے قافلے پر ہونے والے حملےکی تحقیقات میں اہم معلومات سامنے آگئیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق تحقیقات کےدوران معلوم ہوا ہےکہ حملے میں چھوٹی کار استعمال کی گئی جب کہ کار کی نمبر پلیٹ، انجن اور چیسز نمبر حاصل کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا بتانا ہےکہ کار سوار خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا اور قافلہ پہنچتے ہی کار سوار نے اپنی گاڑی غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی جب کہ کار میں ممکنہ طور پر بارود تھاجس سےگاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔

تفتیشی ذرائع کاکہنا ہے کہ دھماکے کےبعد غیر ملکیوں کی ایک گاڑی ریورس کرکے محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن دھماکے میں بھاری بارودی مواد استعمال کیا گیاتھا جس سےگاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ تفتیشی ذرائع نے مزید بتایاکہ متاثرہ گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکےبعد جناح اسپتال میں 2 غیر ملکیوں سمیت3 افراد کی لاشیں لائی گئیں جن میں سےایک لاش مقامی باشندے کی ہےجس کی شناخت نہیں ہوسکی۔

علاوہ ازیں ائیرپورٹ کےقریب دھماکےسے متعلق تفتیش کےلیے خصوصی ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے جس میں بم ڈسپوزل ایسٹ،ساؤتھ اور ویسٹ کی ٹیمیں تفتیش کریں گی۔پولیس حکام کاکہنا ہےکہ آئی جی سندھ کے احکامات پر خصوصی ٹیم بنائی گئی ہے۔

یادرہے  اتوار کی شب کراچی ائیرپورٹ سگنل کےقریب ہونےوالے  دھماکے میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 غیر ملکی ہلاک ہوئےجب کہ 17 افراد زخمی ہیں۔

دوسری جانب چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ کراچی میں چینی عملے کو لےجانے والے قافلے پر ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیاگیا۔چینی سفارت خانے نے اپنےبیان میں کہاہے کہ حملے میں 2 چینی ہلاک اور ایک زخمی جب کہ کچھ مقامی افراد متاثر ہوئےہیں، دہشت گرد حملےکی شدید مذمت کرتےہیں، فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سےتحقیقات کی درخواست کی ہے۔

سفارت خانے کی جانب سےکہا گہاہے کہ ‎پاکستانی حکام سےمکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتےہیں، ‎پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کےلیے تمام ضروری اقدامات اٹھانےکی اپیل کرتے ہیں،پاکستان میں موجود چینی شہریوں اور منصوبوں کو سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے، حفاظتی تدابیر مضبوط کرنے اور محتاط رہنےکی یاد دہانی کراتے ہیں۔

کراچی: جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے قریب چینی عملے کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، چینی سفارت خانه

Back to top button