کراچی: جماعت اسلامی کی ریلی میں کریکر دھماکہ، متعدد زخمی

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوگئے،جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکا ریلی کے قریب چلتی گاڑی سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے کریکر پھینکنے کے نتیجے میں ہوا جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد کو زخمی ہوکر گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سینئر سپرنٹندنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی ساجد سدوزئی نے کہا کہ ریلی میں 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے آر جی ڈی ون گرینیڈ پھینکا اور فرار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ کریکر دھماکے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ یہ پلانٹڈ بم دھماکا نہیں تھا۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ ریلی کے مخالف سمت کے روڈ پر مرکزی ٹرک کے قریب موٹر سائیکل میں کوئی ہلکا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 سے 4 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
228153 7643148 updates
دوسری جانب ریسکیو حکام نے کہا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب دھماکے میں 24 افراد زخمی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔


امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کراچی میں جماعت اسلامی کی یکجہتی کشمیر ریلی پر بم حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں اب بھی بھارتی ایجنٹ موجود ہیں جن سے اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی برداشت نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اہل کشمیر کی زیادہ جرات کے ساتھ ترجمانی کریں گے۔


عینی شاہدین کے مطابق جماعت اسلامی کی یوم استحصال کشمیر ریلی میں دستی بم پھینکا گیا، ریلی بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر کی جانب جارہی تھی جبکہ دھماکا حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریر کے دوران ہوا۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھماکے کی شدید مذمت کی۔تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے جذبوں کو مہمیز نہیں کیا جاسکتا اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹوں نے ریلی میں حملہ کرکے بزدلانہ کارروائی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button