کراچی: رہائشی عمارتیں منہدم ہونے سے 14 افراد جاں بحق، 32 زخمی

کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی کے قریب گولیمار نمبر 2 میں تین رہائشی عمارتیں گرنے سے 14 افراد جاں بحق اور30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
رہائشی عمارت گرنے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کراچی پولیس کے سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے14افراد کے ہلاک ہو نے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد میں دو حقیقی بہنیں، شیرخوار سمیت دو کمسن بھائی بھی شامل ہیں۔
عباسی شہید اسپتال کے میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) نے بتایا کہ 6 خواتین، 2 بچے اور ایک مرد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی جاچکی ہیں جبکہ پولیس سرجن ڈاکٹر قمر عباسی کا کہنا ہے کہ عمارتیں گرنےسے18 افراد زخمی ہوئے ہیں مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
کراچی میں ہونے والے دلخراش واقعہ میں ایک عمارت مکمل اور دو عمارتوں کا بیشتر حصہ گرا جس کے بعد قریب موجود چوتھی عمارت کو بھی مخدوش قرار دے دیا گیا۔ پاک فوج کے جوان اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے 5 منزلہ عمارت زمین میں دھنسی جس کا ملبہ گرنےسے دو مزید عمارتیں متاثر ہوئیں۔ گرنے والی عمارت پر مزید ایک فلور ڈالا جارہا تھا، علاقہ مکینوں نے مالک کو منع بھی کیا تھا لیکن اس نے ایک نہ سنی۔ عمارت میں گراؤنڈ فلور پر کلینک تھا اور ملبے میں کلینک میں آئے مریضوں کے بھی دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں جب کہ علاقہ مکینوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور سریے کاٹ کر ملبے کو ہٹایا گیا۔ اس کے علاوہ ریسکیو آپریشن کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کی گئی جبکہ پاک آرمی کے جوانوں نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کےایم سی ڈاکٹرسلمیٰ کوثر نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گولیمار میں عمارت اور فیڈرل بی ایریا میں گیلری گرنے کے دونوں واقعات میں 25 زخمی افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں بچے، خواتین اوربزرگ شہری بھی شامل ہیں، 6 افراد کو حالت تشویشناک ہونے پر آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کہا کہ دونوں واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، گولیمارمیں 3 اور ایف بی ایریا میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت پھول والی گلی میں گری اور اس عمارت کو فاطمہ بلڈنگ کے نام سے جانا جاتا ہے، عمارت کے پشتے کمزور تھے جو عمارت کے گرنے کی وجہ بتائی جارہی ہے، عمارت گرنے سے برابر والی دو عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اوران کا بھی کچھ حصہ گر گیا جب کہ ساتھ ہی چوتھی عمارت کو حفاظتی انتظامات کے تحت خالی کرالیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں کو گلی تنگ ہونے کہ وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایمبولینسز کو بھی پچھلی گلی سے لایا گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ بلڈنگ زیادہ پرانی نہیں، اسے 3 سے 4 سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں چار خاندان رہائش پذیر تھے جس کے باعث کئی افراد ملبے تلے دب گئے جبکہ عمارت کے پاس کھڑی کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی ملبے میں دب گئیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس بی سی اے آشکار داور کا کہنا ہے کہ پرانی عمارت پر 4،5 ماہ پہلے مزید تعمیرات کی گئیں جس کے نتیجے میں وزن بڑھا اور عمارت برابر والی 2 عمارتوں پر آگری۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادی میں 40،40گز کے چھوٹے چھوٹےپلاٹ ہیں، عمارت غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی، واقعہ علاقے میں تعینات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعقلہ افسران کی غفلت کے باعث پیش آیا، ملوث متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائےگا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات وائرس کی طرح پھیل رہی ہیں، نان ٹیکنیکل افراد تعمیرات کرکے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔
کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 16 میں بھی واقعہ پیش آیا جہاں عمارت کا چھجا گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ پولیس کےمطابق عمارت کی پہلی منزل پر اسکول تھا، چھجے پر تعمیرات کر کے اسکول کو بڑھایا ہوا تھا اور نیچے چائے کا ہوٹل تھا، حادثہ چھجے کی مرمت کےدوران پیش آیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے گولیمار واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ وزیراعلیٰ نے عمارت کی تعمیر سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ ماہ چیف جسٹس پاکستان نے کراچی تجاوزات کیس میں ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہیں ہٹاکر نئے ڈی جی کو آج ہی تعینات کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے ایک ایک لاکھ روپے لے کر غیر قانونی فلور تعمیر کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
وزیربلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت تمام توجہ ریسکیو آپریشن اور ملبے میں دبے افراد کو جلد از جلد نکالنے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات پر سخت ایکشن لیا جائےگا۔
