کراچی: سرجانی ٹاؤن میں پانی کے تالاب میں ڈوب کر پانچ بچے جاں بحق

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پانی کے گڑھے میں نہاتے ہوئے ڈوب کر دو کمسن بھائیوں سمیت پانچ بچے جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 بھائی بھی شامل ہیں، بچوں کی عمریں 9 سے 14 سال کے درمیان ہیں
پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر سیون اے میں پیش آیا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق بچے گڑھے میں جمع ہونے والے پانی میں نہانے کے لیے اترے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے عباسی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
جاں بحق بچوں کی شناخت 9 سالہ اسید احمد، اس کے بھائی 13 سالہ مقصود احمد، 14 سالہ زبیر، 13 سالہ ارمان طاہر اور 11 سالہ عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ڈی ایس پی ایڈمن ویسٹ زون ناصر بخاری کے مطابق واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا، ایک بچہ بچ گیا تھا جس کے بیان سے صحیح صورتحال سامنے آئی۔ ناصر بخاری کے مطابق سیکٹر7 اے میں واقع زیرِ تعمیر رہائشی پروجیکٹ کی بیسمنٹ کے لیے کھودے گئے گڑھے میں پانی جمع ہو گیا تھا جبکہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعمیراتی کمپنی نے کام ادھورا چھوڑ دیا تھا اور پروجیکٹ خالی پڑا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گرمی کی شدت کے باعث یہ بچے گڑھے میں جمع ہونے والے پانی میں نہانے کے لیے اترے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ حادثے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور واقعے کا ذمے دار واٹر بورڈ اور بلڈر کو ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
ذرائع کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے خالی پلاٹ میں 300 فٹ گہرا گڑھا کھود کر پانی جمع کیا گیا تھا، لیکن پلاٹ کے گرد کوئی حفاظتی دیوارنہیں کی گئی تھی۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پانی کے تالاب نما گڑھے میں بچے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر سیون اے میں پیش آیا۔یہ سرجانی ٹاؤن کا رہائشی علاقہ ہے۔ جہاں زیرتعمیر خالی پلاٹ میں گڑھا کھودا گیا تھا لیکن یہ گڑھا تالاب بن گیا تھا۔ اس گڑھے کی گہرائی 300 فٹ کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین اور پولیس کا کہنا ہے کہ بچے گڑھے میں جمع ہونے والے پانی میں نہانے کیلئے ابھی اترے ہی تھے کہ ڈوب گئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں قانونی کارروائی کیلئے عباسی ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
