کراچی میں شدید بارش، مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال

کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کو دن بھر میں بھر موسم گرم اور مرطوب رہا اور شام کو شہر میں بارش شروع ہوئی۔
شہر کے مختلف علاقوں شاہراہ فیصل، نیشنل ہائی وے اور دیگر شاہراہوں پر شہری ٹریفک میں پھنسے رہے اور شدید بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ٹوئٹر پر شہریوں نے کہا کہ کراچی میں شدید بارش سے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا اور بجلی منقطع ہونے کی اطلاعات بھی ملیں۔
صدر کے علاقے اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بارش کے پانی میں ڈوب گیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہیں مختلف علاقوں میں حسب روایت بجلی غائب ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کے-الیکٹرک نے ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی میں درمیانی اور شدید بارش ریکارڈ ہوئی ہے، ہماری ٹیمیں میدان میں موجود ہیں اور حالات کی نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند فیڈرز کو حفاظتی اقدامات کے طور پر بند کیا جاسکتا ہے۔
