کراچی میں کورونا وائرس کی ‘ڈیلٹا’ قسم کے 35 کیسز کی تصدیق

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا (انڈین ویرینٹ) کے 35 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کر دی۔

محکمہ صحت سندھ نے بیان میں کہا کہ جون سے اب تک ڈیلٹا کے 35 کیسز سامنے آچکے ہیں اور اس قسم سے متاثرہ افراد میں وائرس کی شدید علامات سامنے آئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ لیاری میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ڈیلٹا وائرس سے متاثر پائے گئے، تمام متاثرہ افراد کا علاج جاری ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ رواں ماہ ڈیلٹا وائرس کے 18 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عوام سے نقل و حرکت محدود کرنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال ضرور کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا وائرس کے بھارت میں ہونے والے اثرات ہمارے سامنے ہیں، عوام کو ذمہ داری کا مظارہ کرنا ہوگا۔

Back to top button