کراچی: کرونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

کراچی میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4 اور پاکستان میں 7 ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض صحت یاب ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ کی صدارت میں کرونا وائرس کے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں تمام متعلقہ وزرا اور افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آج 4 ٹیسٹ کیےگئے تھے جس میں سے ایک مثبت آیا ہے اور اس کا تعلق کراچی سے ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 107 نمونے حاصل کیے تھے جس میں 4 مثبت آئے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ4 کیسز میں سے ایک صحت یاب ہوکر گھر چلا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جو پاک-ایران سرحد میں افرادتفتان سے آرہے تھے اُن کا پروگرام آج منسوخ ہوگیا اور اب وہ کل شام 5 بجے تفتان سے روانہ ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک مثبت کیس آیا ہے اس کے تمام قریبی اور رابطے میں رہنے والوں کو چیک کیا جائے اور سکھر میں کیے گئے انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر سکھر کو ضروری ہدایات دیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے پہلے مریض کو مکمل صحت یابی کے بعد گزشتہ روز ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوگیا ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے’۔ میران یوسف کا کہنا تھا کہ حکام نےمریض کو تیسرے ٹیسٹ میں بھی وائرس منفی آنے کے بعد ہسپتال سے خارج کرنے کی اجازت دی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے فوری بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں 29 فروری کو اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک کیس سندھ اور دوسرا وفاق میں رپورٹ ہوا ہے جبکہ پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے روبصحت ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے بھی کراچی میں کورونا وائرس کے نئے مریض کی تصدیق کی تھی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے 3 مارچ کو پانچویں کیس کی بھی تصدیق کی تھی جس کے بعد 6 مارچ کو کراچی میں 69 سالہ شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو سندھ میں تیسرا اور پورے پاکستان میں چھٹا کیس تھا۔
