کراچی: کرونا کے مشتبہ مریض کی آئیسولیشن وارڈ میں خودکشی

کرونا وائرس سے مشتبہ طور پر متاثر ہونے والے مریض نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر جے پی ایم سی میں قائم آئیسولیشن وارڈ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔
ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو وائرس کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر اتوار کی شب کراچی کے علاقے لانڈھی سے جناح ہسپتال لایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ خودکشی کرنے والا شخص مبینہ طور پر منشیات کا عادی تھا۔متاثرہ شخص کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کا سینے کا ایکسرے کیا گیا تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مریض وائرس ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر تھا چنانچہ اسے ہسپتال میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے مختص وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔وارڈ میں منتقل کیے جانے کے بعد مذکورہ شخص نے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی جسے فوری طور پر شعبہ حادثات لے جایا گیا تاہم علاج کے دوران وہ دم توڑ گیا۔
اس سے قبل اہور کے علاقے غازی آباد میں علاقہ مکینوں کی جانب سے کورونا وائرس کا مریض کہلائے جانے پر عمر رسیدہ شخص نے خودسوزی کر لی تھی۔پولیس کے مطابق 68 سالہ حنیف احمد دمے کے مریض تھے تاہم چند لوگ انہیں کورونا وائرس کا مریض کہہ رہے تھے۔سانحے کے روز حنیف کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی اور انہوں نے دمے کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کی شکایات کی تھی تاہم چند پڑوسیوں نے ایک جیسی علامت کی وجہ سے انہیں کورونا وائرس کا کیس بتایا۔طبیعت خراب ہونے پر حنیف نے پٹرول کا بندوبست کیا اور ایک مقامی قبرستان میں خود کو آگ لگا دی، بزرگ شخص نے اپنی موت سے چند لمحے پہلے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کے علاقے میں کسی نے اسے کورونا وائرس کا تصدیق شدہ مریض کہا تھا۔
خیال رہے کرونا وائرس کے باعث بیرونِ ملک بھی خودکشی کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جس میں گزشتہ ماہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔اسی طرح بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں 3 بچوں کے باپ نے محض اس خدشے پر خودکشی کرلی تھی، جب اس کو لگا کہ وہ نئے کورونا وائرس کا شکار ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے اس کا خاندان بھی متاثر ہوسکتا ہے۔علاوہ ازیں گزشتہ ماہ کے اواخر میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ملک اٹلی کی ایک نرس نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔
