کراچی: کورونا وائرس کا ایک اور کیس،مجموعی تعداد 6 ہوگئی

کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے جس کے بعد پاکستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متاثرہ شہری سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے بھی ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کے 69 سالہ متاثرہ شہری کا تعلق ضلع شرقی سے ہے۔کراچی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 3 ہوگئی جبکہ دیگر 3 متاثرین وفاقی علاقے میں ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے فوری بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوسرے کیس بھی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں 29 فروری کو اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک کیس سندھ اور دوسرا وفاق میں رپورٹ ہوا ہے جبکہ پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے روبصحت ہیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے بھی کراچی میں کورونا وائرس کے نئے مریض کی تصدیق کی تھی۔
پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کرونا کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
چین اور ایران سے واپس آنے والے پاکستانیوں کی سکریننگ کے بعد پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی ہزاروں افراد کی سکریننگ کا عمل مکمل ہونا باقی ہے اور خدشہ ہے کہ ان میں سے بھی سینکڑوں افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ 5 مارچ کو سکریننگ کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں مجموعی طور پر اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے.
