کراچی : 100 سے زائد بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 2 ملزم گرفتار

کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمات میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے متاثرہ بچوں کی نشاندہی پر ٹیپو سلطان علاقے میں کارروائی کی، جس میں مرکزی ملزم عمران اور اس کے ساتھی وقاص خان شامل ہیں۔ ملزمان پر 100 سے زائد بچوں کے ساتھ زیادتی کے الزامات ہیں، اور پولیس کو 2020 سے 2025 کے درمیان سات شکایات موصول ہوئی تھیں۔

عثمان سدوزئی نے مزید کہا کہ مختلف اضلاع میں درج کیے گئے کیسز میں ایک ہی شخص کا ڈی این اے ملا، جس کے باعث 6 سال کے دوران الگ الگ کیسز کی تحقیقات کی گئیں۔ تمام کیسز میں 12 سے 13 سال کے بچوں کو نشانہ بنایا گیا، اور ایک واقعے میں بچے پر دو سے زیادہ افراد نے حملہ کیا۔ درج شدہ تمام سات مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر 6 جنوری کو ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جو ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کی نگرانی میں کام کر رہی تھی۔ ٹیم نے 11 دن کے اندر مطلوبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا کام کرتا ہے۔ گرفتار مرکزی ملزم نے چھ سال کے دوران متعدد بچوں سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق عمران اپنے شکار بچوں کو ملیر کے قریب لے جا کر زیادتی کا نشانہ بناتا اور موٹر سائیکل کے ذریعے انہیں لالچ دے کر ساتھ لے جاتا تھا۔

ایس پی نے بتایا کہ تین کیسز میں بچوں نے عمران کو پہچان لیا، جبکہ ایک کیس میں بچے نے دونوں ملزمان، عمران اور وقاص خان، کو شناخت کیا۔ ایک واقعے میں، ملزمان بچے کو سرجانی لے گئے، جہاں بچے کی چیخ سن کر ملزمان فرار ہو گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے کیسز کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے 100 سے زائد بچوں کے ساتھ زیادتی کے ملزم کی گرفتاری پر پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کراچی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ موجودہ وقت میں صرف سات متاثرین سامنے آئے ہیں، اور پولیس باقی متاثرین کی تلاش کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت دی کہ ملزم کے خلاف تمام شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ حکومت بچوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور شہر میں کسی بھی درندے کو جگہ نہیں دی جائے گی۔

Back to top button