کرونا متاثرین کی امداد کیلئے پاکستانی گلوکاروں کا آن لائن کنسرٹ

کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کے باعث کئی نامور گلوکاروں نے مداحوں کے لیے آن لائن کنسرٹس میں پرفام کرنا شروع کردیا۔اپنے گھروں میں موجود یہ گلوکار اپنے مداحوں کے لیے آن لائن کنسرٹس رکھنے میں کافی مصروف نظر آئے، جس کے بعد ایک ورچیول صوفی پروگرام منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا جس کے ذریعے کورونا وائرس متاثرین کے لیے فنڈز جمع کیے جائیں گے۔
اس فنڈر یزنگ ویب سائٹ کے مطابق اس پروگرام کو حمد و نعت اور صوفی پروگرام کا نام دیا گیا۔ویب سائٹ پر مزید بتایا گیا کہ علی ظفر، رفاقت علی خان، علی سیٹھی، ہارون راشد اور استاد شفقت امانت علی جیسے گلوکار اس پروگرام میں پرفارم کریں گے۔ان کے علاوہ خرم اقبال، جنید یوسن اور علی شیر جیسے فنکار بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

ویب سائٹ کے مطابق یہ فنکار کورونا وائرس متاثرین کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے اپنا وقت دیں گے، ان کی ویڈیو کا لنک 10 ڈالر (1590 پاکستانی روپے) کی سبسکرپشن پر دیا جائے گا۔پروگرام کی تفصیل کے حوالے سے ویب سائٹ پر مزید بتایا گیا کہ ’کورونا وائرس نے ہم سب کو ایک دوسرے سے دور کردیا ہے لیکن اس وائرس کی وجہ سے خود کو ان سے دور نہ کریں جنہیں اس وقت ہماری مدد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے‘۔
