کرونا مریض کو زبردستی آئسولیشن سینٹر منتقل نہ کیا جائے،سندھ حکومت

حکومت سندھ کے محکمہ صحت نے متعلقہ حکام کو کورونا وائرس کے مریض کو زبردستی آئسولیشن سینٹر میں منتقل کرنے سے روک دیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس بات کا فیصلہ کورونا وائرس کا مریض خود کرے گا کہ وہ خود کو گھر پر آئسولیٹ کرنا چاہتے ہیں یا حکومتی آئسولیشن سینٹر سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق کورونا وائرس کا شکار کسی بھی مریض کو زبردستی آئسولیشن سینٹر میں منتقل نہیں کیا جائے گا اور اگر ان کے گھر میں مناسب جگہ دستیاب ہے اور ان کے گھر والے رضامند ہوئے تو وہ گھر پر ہی آئسولیٹ ہو سکتے ہیں۔تاہم ساتھ واضح کیا گیا کہ اگر طے شدہ ضوابط پر عمل نہیں کیا گیا تو مریض کو حکومتی آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نئے کیسز کےبعد ملک میں مجموعی طور پر متاثر 23274 تک پہنچ گئے جبکہ 535 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ اس تیزی سے جاری ہے کہ وہ دنیا کے ان 25 ممالک میں شامل ہوگیا جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔اگر سندھ میں کورونا وائرس کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں 451 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 8 ہزار 640 ہوگئی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 افراد ک انتقال ہوا جس کے ساتھ صوبے میں مجموعی اموات 157 ہوگئیں
