کرونا وائرس: انٹرنیشنل فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع

حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی میں 15 مئی تک توسیع کردی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے جاری بیان کے مطابق اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق توسیع 15 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک کے لیے کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت ہوابازی کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بین الاقومی فضائی آپریشن کی بندش میں مزید 15 مئی تک توسیع کردی گئی ہے مگر اس دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔ترجمان وزارت ہوابازی کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز کے ذریعے یکم سے 10 مئی تک 4 ہزار 3 سو 70 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ اس دوران مختلف ممالک میں محصور پاکستانیوں کے لیے 36 فلائٹس چلائی جائیں گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تمام پروازیں سعودی عرب، قطر، بحرین، ترکی، کینیا، سوڈان اور انگلینڈ سے پاکستانیوں کو واپس لائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پروازوں پر عائد پابندی میں تیسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے اس سے قبل پابندی 14 اپریل تک لگائی گئی تھی جس میں 21 اپریل تک توسیع دی گئی تھی پھر 30 اپریل تک توسیع دی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے 18 اپریل کو ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔اس سے قبل حکومت نے اندرون و بیرون ممالک فلائٹ آپریشن پر پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کی تھی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تمام ایئرلائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 734 جبکہ اموات 269 تک پہنچ چکی ہیں۔
ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔تاہم حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری اس جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کردی گئی ہے۔وہیں دوسری جانب ڈاکٹرز نے بھی مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کیا جائے ورنہ اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔
