کرونا وائرس بارے ائیرپورٹ پر تعینات ڈاکٹرز کی لاپرواہی سامنے آ گئی

کورونا وائرس کودنیا بھر میں انتہائی سنجیدہ لیا جارہا ہے تاہم پاکستان میں وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، ایران کے سفر سے آنے والے کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریض یحییٰ جعفری کے بارے میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہیں کراچی ائیرپورٹ پر حالت خراب ہونے کے بعد بھی اسپتال کی بجائے گھر بھیج دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے مریض یحییٰ جعفری کا میڈیکل چیک اپ ڈاکٹر شازیہ صفی اللہ نے کیا تھا۔22سالہ طالب علم یحییٰ جعفری ایران ائیر کی فلائٹ 812 کےذریعے 20 فروری کو پاکستان پہنچا تھا۔ حیران کن طور پر ائیرپورٹ پر بخار کی تصدیق ہونے کے بعد اسپتال داخل کرنے کی بجائے گھر بھیج دیا گیا۔ جس کے بعد پاکستان میں یہ پہلا کیس سامنے آیا۔ حکام اور طبی عملے کی اس مجرمانہ لاپرواہی نے کئی سوالات اٹھا دئیے۔
دوسری طرف کورونا وائرس سے متاثر مسافر کے کراچی ائیرپورٹ سے کلیئر ہونے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں.سول ایوی ایشن کے ذرائع کا بتانا ہےکہ تحقیقات میں وفاقی وزارت صحت، سی اے اے اور سیکورٹی ادارے بھی شامل ہیں۔
کراچی میں کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد ایوی ایشن ڈویژن نے تمام ائیرپورٹس پر اسکریننگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہے جب کہ سی اے اے افسران مسافروں کی اسکریننگ کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ ائیرپورٹس پر تعینات تمام افراد کو ماسک لازمی پہننے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اب اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ یحییٰ جعفری ایران سے بس کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا اور اسکے ساتھ اہل خانہ بھی موجود تھے جن کا بھی معائنہ کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین کا کہنا تھا کہ مذکورہ مریض کو فوری طورپر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی نگہداشت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ابھی مریض کے اندر کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، چار گھنٹے کے بعد حتمی رپورٹ سامنے آئے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران سے کرونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کےلیے بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کےلیے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وائرس سے بچاؤ کےلیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی گئی ہے۔
