کرونا وائرس سعودی عرب پہنچ گیا، پہلے کیس کی تصدیق

سعودی عرب کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے.
غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔ متاثرہ شخص ایران سے براستہ بحرین سعودی عرب پہنچا تھا۔ وزارت صحت نے کہا کہ انفیکشن کنٹرول ٹیم کو حفاظتی اقدامات کے تحت شہری کی نگرانی کرنے اور لیبارٹری کے جائزے کے لیے نمونے حاصل کرنے کی خاطر فوری طور پر بھیج دیا گیا تھا۔ لیبارٹری سے آنے والے نتیجے میں مذکورہ شہری میں کورونا وائرس-19 کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کو ہسپتال میں مخصوص جگہ میں رکھ کرعلاج کی فراہمی کو یقینی بنادیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص سے رابطہ کرنے والے تمام افراد کا سراغ لگالیا گیا ہے اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول کی جانب سے ان سب کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ ان نمونوں کے نتائج آتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔
سعودی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں کورونا وائرس سے متعلق کوئی رپورٹ یا خدشہ ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور 88 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 60 ممالک تک یہ وائرس پھیل چکا ہے۔چین کے بعد سب سے ہلاکتیں ایران میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں سپریم لیڈر کے قریبی ساتھی اور کونسل کے رکن 71 سالہ محمد میر محمدی تہران کے مقام ہسپتال میں ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق محمد میر محمدی مذہبی رہنما آیت اللہ شبیری زنجانی کے بھانجے تھے اور ان کی والدہ بھی اس سے قبل اس ہی بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوچکی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایران میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے۔
امریکی ریاست واشنگٹن کے صحت حکام نےبھی کورونا وائرس سے ملک میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، امریکا میں دو روز قبل کورونا وائرس کی پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی تھی اور اب دوسری ہلاکت شہر سیئٹل میں سامنے آئی۔دوسری جانب نیو یارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا تھا کہ ریاست میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔چین کے علاوہ وائرس سے سب زیادہ متاثر ہونے والے جنوبی کوریا میں گزشتہ روز 500 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button