کرونا وائرس کا خدشہ، حرم شریف کا مطاف خالی کروا لیا گیا

سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا۔ سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو نماز عشاء کے ایک گھنٹہ بند کر دیا جائے گا اور ان بابرکت مقامات کو نماز فجر سے ایک گھنٹہ قبل دوبارہ کھولا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق یہ اقدامات کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر اور حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والی حالیہ ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مطاف اور صفا مروہ عمرہ کی بندش کے دوران بند رہیں گے۔ تاہم خانہ کعبہ میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔عمرہ زائرین کو بالائی منزلوں پر منتقل کرکے مطاف خالی کروالیا گیا ہے، حرم کے صحن میں طواف رُک گیا ہے تاہم بالائی منزلوں پر طواف جاری ہے۔
حرمین شریفین پریزیڈنسی کے مطابق 1979 میں حرم شریف پر قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طواف کا عمل روکا گیا ہے۔ یاد رہے سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بھی عمرہ ادا کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت پر پابندی عائد کردی تھی۔


اس سے قبل سعودی حکومت بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین اور سیاحوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی جس کا مقصد مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنا اور زائرین کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے آج مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ مطاف خانہ کعبہ کا وہ سفید حصہ ہے جہاں مسلمان عمرہ اور حج کے دوران طواف کرتے ہیں۔ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر پابندی میں 31 مارچ تک توسیع کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button