کرونا وائرس کے پہلے پاکستانی مریض کا آڈیو پیغام سامنے آگیا

پاکستان میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری کا آڈیو پیغام سامنے آگیا ہے جس میں اسکا کہنا ہے کہ میں کرونا وائرس کا شکار ہو چکا ہوں اور میرا دورہ ایران کے دوران اپنے روم میٹ ساتھی کو مشورہ ہے کہ وہ بھی اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ضرور کروا لے۔
کراچی کے رہائشی یحیی جعفری کا اپنے آڈیو پیغام میں کہنا تھا ڈاکٹرز نے انہیں بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے شرح اموات بہت کم ہے اور کرونا کے شکار 100 میں سے صرف ایک فرد کی موت ہوتی ہے۔ ایران سے کرونا وائرس لیکر پاکستان واپسی آنے والے یحییٰ جعفری کامزید کہنا ہے کہ اب تک چین اور دوسرے ممالک میں جن لوگوں کی اموات ہوئی ہیں ان میں سے زیادہ تر افراد کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔ انکا کہنا تھا ڈاکٹروں کے مطابق بزرگوں کی نسبت نوجوان اس وائرس سے لڑنے کی زیادہ ہمت رکھتےہیں۔
ایران میں زیارتوں کے سفر کے دوران اپنے ساتھ موجود روم میٹ کو سکریننگ کا مشورہ دیتے ہوئے یحیی کا کہنا تھا کہ علی بھائی کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اپنی سکریننگ کروا لیں، کیونکہ وہ میرے ساتھ ایک ہی کمرے میں اور ایک ہی بستر پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ دو روز پیشتر کرونا وائرس کی تشخیص ہونے پر 22 سالہ یحیٰی جعفری کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یحییٰ جعفری ایران سے بس کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا اور اسکے ساتھ اہل خانہ بھی موجود تھے جنکی طبی تشخیص کا عمل ابھی جاری ہے۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین کا کہنا ہے کہ یحیی کو کرونا کی تشخیص کے فوری بعد ایک آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں اسکی نگہداشت اور علاج جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button